ن لیگ حکومت نے عوامی خدمت کا اعلیٰ ترین معیار قائم کیا ، عوام نے ہمیشہ بھرپوراعتماد کااظہار کیا ہے، رانا ثناء اللہ

ر آئندہ بھی اقتدار میں آکر ترقی کے مزید ریکارڈقائم کریں گے ،تقریب سے خطاب

اتوار 6 مئی 2018 23:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 6 مئی 2018ء):صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوامی خدمت کا اعلیٰ ترین معیار قائم کیا ہے یہی وجہ ہے کہ عوام نے ہمیشہ بھرپوراعتماد کااظہار کیا ہے اور آئندہ بھی اقتدار میں آکر ترقی کے مزید ریکارڈقائم کریں گے۔انہوں نے یہ بات چک نمبر 58 ج ب میں میاں نصیر کے ڈیرے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ارکان صوبائی اسمبلی محمد نواز ملک‘چوہدری ظفر اقبال ناگرہ کے علاوہ رانا اشفاق چاچو‘رانا حسن جاوید اور عمائدین علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ عوامی خدمت کے میدان میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے ہماری کارکردگی کاکھلا ثبوت ہیں جس کی بدولت ہر علاقے میں خوبصورت اورپائیدار سڑکوں کا جال بچھایاگیا ہے اور سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال،کالجز،سکولوں کی اپ گریڈیشن اورتعمیر ومرمت،سیوریج کے بڑے منصوبوں،پارکس کی تزئین وآرائش سمیت دیگر بنیادی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچائی گئی ہیں جن سے ہر طرف خوشحالی واضح طو رپرنظر آرہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کو بھی ترقیاتی دھارے میں شامل کیا گیا ہے اورتعلیم وصحت کے شعبے میں منصوبوں کے اجراء کے علاوہ33 کروڑ روپے سے بائی پاس سے موٹر وے انٹر چینج تک دو رویہ سٹرک کی تعمیرکے میگا پراجیکٹ سے نہ صرف چک58 بلکہ اردگرد کی آبادیوںکے مکینوںکوبھی موٹر وے تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی رکاوٹوں کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھا اور لوڈشیڈنگ پر قابوپانے کے لئے اقدامات کئے گئے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی ان کی سیاست کامشن ہے اور وہ ہمہ وقت لوگوں کے مسائل کے حل میں کوشاں رہتے ہیں۔انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ عوام کی بلاامتیاز خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور ان سے گہرا رابطہ رکھا جائے ۔میاں نصیر ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رانا ثناء اللہ خاں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار مخلص اور محنتی لیڈر ہیںجنہوںنے ترقی وخوشحالی کے لحاظ سے اپنے حلقہ کی صحیح معنوں میں کایا پلٹ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء الله خاں کی بھرپور حمایت آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔