فائرنگ سے زخمی ہونے کے باعث احسن اقبال کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی 15 روز تک ملتوی

ہائیکورٹ کے فل بینچ نے وزیر داخلہ احسن اقبال کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر کے تحریری وضاحت کیلئے طلب کر رکھا

پیر 7 مئی 2018 21:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 7 مئی 2018ء) لاہورہائیکورٹ نے فائرنگ سے زخمی ہونے کے باعث وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی 15 روز تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں فل بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ عدالت کو سرکاری وکیل نے بتایا کہ احسن اقبال گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے اور سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

جس کے باعث فل بینچ نے توہین عدالت کے مقدمہ پر سماعت بغیر کارروائی کے 15 روز تک ملتوی کر دی۔فل بینچ نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر کارروائی وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر کے طلب کر رکھا تھا اور تحریری وضاحت بھی جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے احسن اقبال اور پیمرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کہ وزیر داخلہ احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عدلیہ کو تنقید کا نشان بنایا، پیمرا کو عدالت نے پابند کر رکھا ہے کہ عدلیہ مخالف تقاریر نشر نہ کی جائے اس کے باجود احسن قبال کی عدلیہ مخالف تقاریر میڈیا پر نشر کی گئی۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے جبکہ پیمرا کو عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔یاد رہے کہ اتوار کے روز وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کنجرورو کے علاقے میں مسلم لیگ (ن) کی ایک کارنر میٹنگ میں موجود تھے کہ اچانک ایک شخص نے ان پر فائرنگ کر دی جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔