آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر بلوچستان پنچ پائی کے مقام پر آہنی باڑ کا افتتاح کردیا

قانون کی پاسداری یقینی بنانا ہر کسی کیلئے ضروری ہے، پاک فوج اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ملک کا دفاع کریگی،جنرل قمر جاوید باجوہ سیف سٹی پراجیکٹ سے کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال میں مزید بہتری آئیگی،پاک فوج بلوچستان میں تعلیم ، صحت ، بجلی ، پانی کی فراہمی کے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے،نہیں چاہتے بلوچستان کسی مخصوص کوٹے یا پیکیج کی مرہون منت ہو،چند عناصر نوجوان نسل کے ذہنوں پر اثرانداز ہو کر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، نوجوان نسل محنت اور کردار سازی سے ملکی ترقی میں کردار ادا کرے،قبائلی عمائدین، مقامی افراد ، مختلف یونیورسٹیز کے طلباء سے گفتگو

منگل 8 مئی 2018 23:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 8 مئی 2018ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پر بلوچستان پنچ پائی کے مقام پر آہنی باڑ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی پاسداری یقینی بنانا ہر کسی کے لئے ضروری ہے، پاک فوج اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ملک کا دفاع کرے گی،سیف سٹی پراجیکٹ سے کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال میں مزید بہتری آئیگی،پاک فوج بلوچستان میں تعلیم ، صحت ، بجلی ، پانی کی فراہمی کے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے،نہیں چاہتے بلوچستان کسی مخصوص کوٹے یا پیکیج کی مرہون منت ہو،چند عناصر نوجوان نسل کے ذہنوں پر اثرانداز ہو کر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، نوجوان نسل محنت اور کردار سازی سے ملکی ترقی میں کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

منگل کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پر بلوچستان پنچ پائی کے مقام پر آہنی باڑ کے کام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قبائلی عمائدین اور مقامی افراد سے گفتگو بھی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آہنی باڑ کی تنصیب میں تعاون وحمایت پر قبائلی عمائدین کا شکریہ اداکیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر باڑ سے دہشت گردوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھی جاسکے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قانونی نقل وحرکت کیلئے مخصوص کراسنگ پوائنٹ رکھے گئے ہیں جبکہ دو طرفہ اقتصادی سرگرمیوں سے متعلق بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ آرمی چیف نے سیکیورٹی صورتحال برقرار رکھنے میں قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ گزشتہ پانچ سال سے رکا ہوا تھا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ سے کوئٹہ مزید محفوظ ہوگا۔ سیف سٹی پراجیکٹ سے کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال میں مزید بہتری آئیگی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کوئٹہ میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء سے بھی ملاقات کی اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج بلوچستان میں تعلیم ، صحت ، بجلی ، پانی کی فراہمی کے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ بلوچستان کسی مخصوص کوٹے یا پیکیج کی مرہون منت ہو۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعلی بلوچستان کے خوشحال بلوچستان کیلئے مل کر کام کرنے پر پاک فوج اور ایف سی کا شکریہ ادا کیا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہر کسی کیلئے ضروری ہے کہ قانون کی پاسداری یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ملک کا دفاع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئینی حدود میںرہتے ہوئے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔آرمی چیف نے نوجوان نسل پرزور دیا کہ وہ محنت اور کردار سازی سے ملکی ترقی میں کردار ادا کرے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو مسترد کردیا ہے۔مسلح افواج اور عوام کی قربانیوں کے باعث ملک میں دیرپا امن قائم ہوا ۔انہوں نے کہا کہ چند عناصر نوجوان نسل کے ذہنوں پر اثرانداز ہو کر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ میں نسٹ کے کیمپس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نسٹ کوئٹہ کیمپس پر دو ارب 63 کروڑ روپے لاگت آئیگی۔نجی ٹی وی نے آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا کہ آرمی چیف نے سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو ہدف بنانے پر نظر رکھنے کی ہدایت کی اور تصادم اور نفرت کی طرف لے جانیوالوں سے بچنے کو کہا۔ آرمی چیف نے کہا کہ انتہاء پسندی کو اجتماعی طور پر مسترد کیا جائے۔