کیپٹن (ر) صفدر کے حلقے این اے 14سے اب کون جیتے گا ،عوام نے فیصلہ سنا دیا

پاکستان تحریک انصاف کو حلقے کی 46فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے ساتھ صرف 39 فیصد لوگوں کی سیاسی ہمدردیاں ہیں

منگل 8 مئی 2018 20:57

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 8 مئی 2018ء)کیپٹن (ر) صفدر کے حلقے این اے 14سے اب کون جیتے گا ،عوام نے فیصلہ سنا دیا۔حلقے میں کئیے گئے سروے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو حلقے کی 46فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے ساتھ صرف 39 فیصد لوگوں کی سیاسی ہمدردیاں ہیں۔تفصیلات کے مطابق 2018 پاکستان میں عام انتخابات کا سال ہے۔

جیسے جیسے انتخابات قریب سے قریب تر آ رہے ہیں سیاسی جوڑ توڑ اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے اور سیاسی کارکنان اور رہنما اپنے اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کے تحت سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے میں مشغول ہیں ۔دوسری جانب متعلقہ اداروں اور سیاسی جماعتوں نے بھی عام انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے۔ایک طرف عوامی جلسے عوام کی رائے کو اپنی جانب راغب کر رہے ہیں تو دوسری جانب سیاسی جماعتوں کے وعدے اور منشور بھی عوام کا رخ اپنی جانب کرنے میں بھر پور کردار ادا کرر ہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایسے میں مختلف اداروں ،تنظیموں اور صحافیوں کی جانب سے آئندہ انتخابات میں مختلف رحجانات کا جائزہ لینے کے لیے سروے کئیے جا رہے ہیں۔ایسا ہی ایک سروے نجی ٹی وی کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 14میں کیا گیا ۔یہ این اے 14 وہی حلقہ ہے جو پہلے این اے 21تھا اور 2013 میں یہاں سے مسلم لیگ ن کے رہنما اور نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کامیاب ہو کر ممبر قومی اسمبلی بنے تھے۔

اس سروے نے مسلم لیگ ن کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔سروے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو حلقے کی 46فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے ساتھ صرف 39 فیصد لوگوں کی سیاسی ہمدردیاں ہیں جبکہ باقی 15 فیصد عوام کی سیاسی ہمدردیاں اور حمایت دیگر پارٹیوں کے ساتھ شامل ہیں۔اب حتمی نتیجہ کیا ہو گا اس کے لیے سب کو 2018 کے انتخابات کا انتظار کرنا ہوگا۔