وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملہ کی مذمت ، ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی

منگل 8 مئی 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 8 مئی 2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملہ کی سخت مذمت اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ کابینہ نے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 27 اپریل کے اجلاس میں فیصلوں کی توثیق کر دی۔

اجلاس میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعلیم کے شعبوں میں تعاون سے متعلق 8 مارچ 2005ء میں طے پانے والے معاہدوں کی تجدید کی منظوری دیدی گئی۔ کابینہ نے چین اور پاکستان کے مابین زراعت اور بائیو سائنس کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت، پاکستان اور اردن کے درمیان مجرموں کے تبادلہ کے معاہدہ اور نادرا کی جانب سے صومالیہ کو خدمات کی فراہمی سے متعلق 14 ملین امریکی ڈالر مالیت کی کریڈٹ لائن فیسلیٹی کی فراہمی کے معاہدے کی توثیق کر دی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے اقبال اکیڈمی لاہور کیلئے نائب خزانچی اور گورننگ باڈی نامزدگی، احمد اویس پیرزادہ کی اپیلٹ ٹریبونل میں بطور رکن تعیناتی، نئے میڈیکل کالجز کیلئے نظرثانی شدہ انسپکش پرفارما اور کابینہ کی قومی سیکورٹی پرنٹنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کابینہ ارکان کو فاٹا اصلاحات پر پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس سے متعلق آگاہ کیا۔