ٹیچر کی بچوں کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

متحدہ عرب امارات میں بچوں کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے ویڈٰیو وائرل ہونے پر ٹیچر کے خلاف کاروائی

پیر 7 مئی 2018 10:57

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 7 مئی 2018ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ایک ٹیچر کی طلباء کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو گئی ۔ مزید تفصیلات کے مطابق ٹیچر کی ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہونے پر محکمہ صحت نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ٹیچر کا ٹرانسفر سزا کے طور شارجہ سے الدہید کی علاقے میں کر دیا ہے ۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کلاس میں بچے ڈانس کر رہے ہیں اور ٹیچر نے کلاس میں آکر بچوں کو منع کرنے کی بجائے انکے ساتھ ڈانس کرنا شروع کر دیا ہے ۔ شارجہ وزارت تعلیم نے ویڈیو میں ڈانس کرتے ہوئے نظر آنے والے بچوں کے والدین کو بھی بلایا ہے اوران سے اسٹام پیپر پر دستخط کروائے ہیں کہ وہ دوبارہ کبھی سکول میں اس قسم کی غلطی کے مرتکب نہیں ہوں گے بصورت دیگر انھیں سکول سے خارج کر دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

مقامی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق وزارت نے بچوں کے موبائل فون بھی چھین لیے ہیں ۔ وزارت تعلیم کے شارجہ ایجوکیشن زون کے ایک سرکاری آفیسر نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچے ٹیچر کی موجودگی میں ڈانس کر رہے ہیں اور ایسا لگ رہا کہ ٹیچر بچوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹیچر نے بچوں کو منع کرنے کی بجائے انکے ساتھ ڈانس کرنا شروع کر دیا تھا حالانکہ کہ ٹیچر اس بات سے باخوبی واقف تھا کہ یہ سکول کی حدود میں یہ سرگرمی متحدہ عرب امارات قوانین کے خلاف ہے ۔

زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے ٹیچر کی اس حرکت پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ ایک ٹیچر بچوں کے سامنے ایک عملی نمونہ ہوتا ہے اور اگر ٹیچر ہی ایسی حرکات کریں گے تو وہ بچوں کو کیا سیکھائیں گے ۔ سکول کے بچوں کے والدین نے خلیج ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت تعلیم کو اس حرکت پر ٹیچر اور بچوں دونوں کے خلاف کاروائی کرنی چاہیے کیونکہ اسکولوں میں اس قسم کا رویہ ناقابل قبول ہے ۔ والدین کا مزید کہنا تھاکہ وہ بچوں کو اسکول میں پڑھنے کے لیے بھیجتے ہیں ناکہ ڈانس سیکھنے کے لیے ۔