بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے گروگرام میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر ہندو انتہا پسندوں کے حملے،

مسلمان نماز صرف مساجد اور عیدگاہوں میں ادا کریں، کھلے عوامی مقامات پر نماز ادا نہ کریں، وزیر اعلیٰ منوہر کھتر

پیر 7 مئی 2018 12:23

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 7 مئی 2018ء) بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے گروگرام میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر ہندو انتہا پسندوں کے حملوں کے بعد وزیر اعلیٰ منوہر لال کھتر نے کہا ہے کہ مسلمان نماز صرف مساجد اور عیدگاہوں میں ادا کریں، کھلے عوامی مقامات پر نماز ادا نہ کریں۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کا یہ بیان بھارتی انتہاپسند جماعتوں کی اس دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے کہ وہ مسلمانوں کو کھلے عوامی مقامات پر نماز ادا کرنے سے جبراً روک دیں گے۔

ان جماعتوں کے ارکان نے چند روز قبل گروگرام میں متعدد مقامات پر نماز جمعہ ادا کرنے والوں پر حملے کئے اور اس موقع پر مخالفانہ نعرے لگائے ۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مساجد اور عیدگاہوں میں جگہ کم پڑ جانے کی صورت میں مسلمان اس مقصد کے لئے اپنے نجی مقامات استعمال میں لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ کے دوران مسلمانوں کی طرف سے کھلے مقامات پر نماز کی ادائیگی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب کسی کو اس عمل پر اعتراض ہوگا تو اس کا نوٹس لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور امن بحال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے جو اپنی یہ ذمہ داری پوری کرے گی۔ ریاست کے کئی علاقوں میں ہندو انتہا پسندوں نے گذشتہ جمعہ کی نماز ادا کرتے والوں پر حملے کئے، نمازیوں کو ماربھگایا اور اس موقع پر’’جے شری رام‘‘ اور’’ بنگلہ دیشیو واپس جائو‘‘ کے نعرے لگائے۔

گروگرام میں موجود ہندو انتہا پسند تنظیم اکھل بھارتی ہندو کرانتی دل کے رہنما راجیو متل نے وزیر اعلیٰ کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف گرو گرام کا نہیں پورے بھارت کا مسئلہ ہے اور کھلے مقامات پر نماز کی ادائیگی پابندی کا قانون بنایا جائے اور اس قانون کی خلاف ورزی پر جرمانے کی سزا مقرر کی جائے۔ واضح رہے کہ گرو گرام میں اس وقت موجود مساجد یہاں آباد چھ لاکھ مسلمانوں کے لئے ناکافی ہیں اور مسلمان تقریباً 115 کھلے مقامات پر نماز جمعہ اداکرتے ہیں۔گرو گرام کے ڈویژنل کمشنر ڈی سریش نے ایک بیان میں کہا ہے وہ اس مسئلے کے حل کے لئے مسلمانوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔