بلاول بھٹو کا 12 مئی کے جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا اعلان

گزشتہ روز تحریک انصاف کا رویہ انتہائی خراب تھا ،ْ معاملے کی مکمل انکوائری کا مطالبہ تحریک انصاف پارٹی بھی حکیم سعید گراؤنڈ پر جلسہ نہیں کرے گی ،ْخرم شیر زمان

منگل مئی 23:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مئی ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 12 مئی کو حکیم سعید گراؤنڈ کے بجائے کسی اور مقام پر جلسے کرنے کا اعلان کردیا۔انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کو حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کرنے کی پیشکش بھی کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کا رویہ انتہائی خراب تھا۔

اپنے پیغام میں بلاول نے معاملے کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ہمارا شہر ہے، کہیں بھی جلسہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہداء کو خراج عقیدت کیلئے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ پلان کیا تھا اور ہمیں جلسے کی اجازت بھی مل گئی تھی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی پی پی کے مطابق پی ٹی آئی نے اچانک جلسے کا پلان تبدیل کرکے حکیم سعید گراؤنڈ میں کیمپ لگالیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا اقدام اشتعال انگیز تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کیمپ سے ہمارے کارکنان پر پتھراؤ اور ٹرکوں کو آگ لگائی گئی، تحریک انصاف رہنما کے گارڈز نے فائرنگ بھی کی۔پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق جلسے کا مقام ہی نہیں بلکہ تاریخ بھی تبدیل کردی گئی ہے ،ْاب جلسہ 18 مئی کو باغ جناح میں منعقد ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات کراچی میں 12مئی کو جلسے کے مقام کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے درمیان گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں کئی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں جلادی گئی تھیں۔دونوں جماعتوں کے کارکنان کے درمیان ہنگامہ آرائی میں پتھراؤ کیا گیا جب ایک دوسرے پر ڈنڈوں کے آزادانہ استعمال سمیت ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ ان کی پارٹی بھی حکیم سعید گراؤنڈ پر جلسہ نہیں کرے گی۔اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جلسے کے نئے مقام کا رات تک اعلان کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری سیاسی بیانات دے کر بڑے پن کا مظاہرہ نہ کریں۔پولیس کے مطابق حکیم سعید گراؤنڈ میں پیش آنے والے اس واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں عزیز بھٹی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ مقدمے میں جلاؤ گھیراؤ، بلوہ، فائرنگ، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کی دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ دونوں سیاسی جماعت کے 700 کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے رہنماوں کیخلاف درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے کیمپ میں فردوس نقوی، عارف علوی اور علی زیدی موجود تھے ،ْ پیپلز پارٹی کے کیمپ میں نجمی عالم اور وقار مہدی موجود تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق ہنگامہ آرائی رات 11بجکر 50 منٹ پر شروع ہوئی، پتھراؤ سے ایس ایچ او سمیت کئی افراد زخمی ہوئے ،ْہنگامہ آرائی کیدوران 2 گاڑیوں اور ایک موٹرسائیکل کو نذر آتش کیا گیا۔متن میں کہا گیاکہ گرفتاری کی کوشش پربلوہ کرنے والے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے عہدیداروں اورکارکنان کا یہ فعل جرم ہے۔

Your Thoughts and Comments