پیپلز پارٹی کی مسلح وارداتیں سندھ میں تحریک انصاف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہونے کی علامت ہے‘عمران خان

سندھ حکومت ہمارے کارکنان پر تشدد کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرے‘چیئرمین تحریک انصاف کا مطالبہ

منگل 8 مئی 2018 23:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 8 مئی 2018ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی مسلح وارداتیں سندھ میں تحریک انصاف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہونے کی علامت ہے۔سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ وہ گزشتہ روز کراچی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنان پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہمارے کارکنان پر تشدد کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔یاد رہے کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی جانب سے 12 مئی کو گلشن اقبال کے حکیم سعید گرائونڈ میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے۔تحریک انصاف کی جانب سے گرائونڈ میں کیمپ لگایا گیا جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے گرائونڈ کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔پیر کی شام اچانک دونوں جماعتوں کے کارکنان آمنے سامنے آئے اور ایک دوسرے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ مشتعل افراد نے سڑک پر کھڑی دو گاڑیوں کو بھی نذر آتش کیا۔