عمران خان کی دربارگولڑہ شریف پر حاضری، گدی نشین کا پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان

مسلم لیگ(ن) کو ہمیشہ مذہبی ووٹ پڑا مگر اب یہ نہیں ملنے والا ،ہم پاکستان کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں تمام مکاتب فکر کے علماء سے ملکر چلیں گے ، راجہ ظفر الحق کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے،چیئرمین تحریک انصاف کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو گولڑہ شریف کے مریدین و عقیدت مند تحریک انصاف کی حمایت کریں ،پیرنظام الدین جامی ختم نبوت ایکٹ میں ترمیم کے باعث ملک بھر میں تمام ترمذہبی ووٹ مسلم لیگ(ن) سے چھن جانے کا خطرہ ہے ،ذرائع

بدھ 9 مئی 2018 21:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 9 مئی 2018ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی دربار گولڑہ شریف پر حاضری، گدی نشین پیر نظام الدین جامی سے ملاقات ،دونوں رہنمائوں نے مذہبی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ پیرنظام الدین جامی نے عمران خان کو آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کی حمایت کا یقین بھی دلایا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو عمران خان نے اسد عمر کے ہمراہ دربار گولڑہ شریف حاضری دی اور گدی نشین پیرنظام الدین جامی سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران پیرنظام الدین جامی اور عمران خان کے درمیان ملک میں امن وامان کی صورتحال سمیت سیاسی و مذہبی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر عمران خان نے آئندہ انتخابات میں گدی نشین گولڑہ شریف سے تعاون کی اپیل کی جس پر پیرنظام الدین جامی نے عمران خان کو آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

پیر نظام الدین جامی نے کہاکہ آپ الیکشن کے حوالے سے اعلان کریں ، ہمارے علماء کرام اور پیروکار آپ کیساتھ ہرممکن تعاون کریں گے ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ پیرنظام الدین جامی سے مذہبی و سیاسی امور بالخصوص انتخابات کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے اور انہوں نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ الیکشن 2018ء اپنی نوعیت کے بہترین الیکشن ہوں گے اور اس میں تحریک انصاف واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مذہبی ووٹ لیا مگر اب اسے یہ ووٹ نہیں ملنے والا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں اور اس میں علماء کرام اور پوری قوم کو ہمارا ساتھ دینا چاہیے اور ہم مختلف مکاتب فکر کے علماء کو اپنے ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کے حوالے راجہ ظفر الحق کی رپورٹ کو عام ہونا چاہیے اور عوام کو (ن)لیگ کی اصلیت پتہ چلنی چاہیے ، اس رپورٹ میں کوئی چیز ڈھکی چھپی نہیں ہے اسے پبلک کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ہم پیرآف گولڑہ شریف کی جانب سے تحریک انصاف کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ گدی نشین گولڑہ شریف نے عمران خان کو ملاقات کے حوالے سے پیغام بھیجوایا گیا تھا جس پر عمران خان نے مشاورت کے بعد گولڑہ شریف جاکر گدی نشین پیرنظام الدین جامی و دیگر سے ملاقات کی اس موقع پر گدی نشین پیرنظام الدین جامی نے پاکستان تحریک انصاف کے آئندہ الیکشن میں بھرپور حمایت کرنے کا نہ صرف اعلان کیا بلکہ انہوں نے کہاکہ ملک کے کونے کونے میں جہاں ان کے مریدین اور عقیدت مند قیام پذیر ہیں وہ ان سے بھی درخواست کریں گے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گولڑہ شریف کے گدی نشین ختم نبوت ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے نہ صرف نالاں تھے بلکہ اس حوالے سے انہوں نے ملک میں انتشار پھیلنے سے روکنے کی غرض سے اپنے مریدین کو بھی صبر و تحمل سے رہنے کا درس دیا تھا ۔تحریک لبیک کے دھرنے کے موقع پر پیر گولڑہ شریف کا کردار بہت اہم رہا ہے اور سینیٹرراجہ ظفر الحق کی رپورٹ سے متعلق بھی انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ تحریک لبیک کے حامیوں کو فی الفور رپورٹ دی جائے تاہم حکومت کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ہے ۔