خیبرپختونخواہ حکومت نے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا، سوات موٹروے کے افتتاح کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

وزیراعلیٰ کاسوات ایکسپریس وے پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے کرنل شیر انٹر چینج صوابی سے ظلم کوٹ تک براستہ ایکسپریس وے کادورہ، سوات ایکسپریس وے کے پیکج ون یعنی کرنل شیر انٹر چینج سے کاٹلنگ تک کے مین کیرج وے کا تقریباً 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور 15مئی تک یہ حصہ مکمل جبکہ 21مئی تک کھل جائے گا

بدھ 9 مئی 2018 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 9 مئی 2018ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سوات ایکسپریس وے پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے کرنل شیر انٹر چینج صوابی سے ظلم کوٹ تک براستہ ایکسپریس وے اور فضائی دورہ کیا اور صوبائی سطح پر پایہ تکمیل تک پہنچانے والی اس شاہراہ کے مختلف حصوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ کو کرنل شیر انٹر چینج صوابی کے مقام پر سوات ایکسپریس وے کے بارے میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے تفصیلی بریفنگ دی اور پایہ تکمیل تک پہنچنے والے اور عنقریب مکمل ہونے والے تعمیرتی کام کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن میجر جنرل سعید اختر ، کمشنر مردان ڈویژن ، ڈی سی نوشہرہ کے علاوہ ایف ڈبلیو او پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ حکام اور مختلف متعلقہ محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سوات ایکسپریس وے کے پیکج ون یعنی کرنل شیر انٹر چینج سے کاٹلنگ تک کے مین کیرج وے کا تقریباً 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور 15مئی تک یہ حصہ مکمل جبکہ 21مئی تک کھل جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کو بتایاگیا کہ اس اہم شاہراہ کی تعمیر میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے اپنے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ہر پہلو پر خاص توجہ دی ہے اور اس منصوبے کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او ذاتی طور پر کر رہے ہیں ۔

پرویز خٹک کو بتایا گیا کہ باقی ماندہ تعمیراتی کام پر تین شفٹوں میں کام جاری ہے اور اپنی معینہ مدت ہی میں اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ اس شاہراہ پر بننے والی پلوں اور دیگر حصوں کا تعمیراتی کام بھی تیزی کے ساتھ جاری ہے جبکہ اس میں بننے والی دو سرنگوں میں سوات باؤنڈسے ایک ہزار میٹر اور مردان باؤنڈسے 726میٹر کام مکمل ہو چکاہے اور تقریباً 45فیصد کٹنگ کا کام باقی ہے جو آئندہ تین مہینوں میں مکمل ہو جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے بریفنگ کے دوران مذکورہ منصوبے پر کام کی رفتار کو اطمینان بخش قرار دیا اور اس کو بروقت مکمل کرکے عوام کیلئے کھلنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سوات ایکسپریس وے صوبائی حکومت کی اپنی نوعیت کی پہلی شاہراہ ہے جس کے ذریعے ملاکنڈ ڈویژن و دیگر آس پاس کے علاقوں اور صوبے کا سفری رابطہ مزید آسان ہو جائے گا۔پرویز خٹک نے پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملاکنڈ میں سوات ایکسپریس وے کے زمین مالکان کو اراضی معاوضہ کے حصول کیلئے فنڈزکی فراہمی میں اپنی کوششیں تیز کریں۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے ڈی جی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ہمراہ کرنل شیر انٹر چینج سے دوبیان تک بذریعہ سڑک جبکہ وہاں سے ظلم کوٹ تک سوات ایکسپریس وے کا فضائی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے سوات ایکسپریس وے ٹنل کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پر جاری تعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ انہوںنے جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ مقررہ مدت ہی میں مذکورہ منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ اس ایکسپریس وے کے ذریعے سوات اور ملاکنڈ ڈویژن کے دیگر علاقوں تک سفر سہل ہو جائے گا اور پورے ملک اور صوبے کے ساتھ اس ڈویژن کا را بطہ مزید بہترہو سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے کام کا معیار اور تعمیراتی رفتار قابل تحسین ہے اور ان کی محنت کی بدولت یہ منصوبہ اپنے مقررہ وقت ہی میں مکمل ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اداروں میں اصلاحات لانے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں پر بھی اپنی توجہ رکھی اور سوات ایکسپریس وے کی تعمیر اس کی زندہ مثال ہے ۔