ایرانی جوہری معاہدے کے معاملے پر امریکا کے 2 سب سے بڑے اتحادیوں نے بغاوت کردی

منگل 8 مئی 2018 23:40

برلن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 8 مئی 2018ء)ایرانی جوہری معاہدے پر فرانس اور جرمنی مابین مکمل اتفاق پایا جاتا ہے، امریکہ کا فیصلہ کچھ بھی ہو ایران سے معاہدہ برقرار رکھا جائے گا،معاہدے کا خاتمہ کسی فریق کے مفاد میں نہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس اور فرانسیسی ہم منصب یاں ایو لے دریاں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے ممکنہ اعلان کے باوجود ہم معاہدے کا احترام کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

دونوں وزراء نے اس بات کا اظہار برلن میں منعقدہ ایک اخباری کانفرنس کے دوران کیا۔جرمن وزیر خارجہ ماس نے خبردار کیا کہ ایران سے طے شدہ جوہری معاہدہ اگر ختم کیا گیا تو یہ کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا اور کشیدگی کو مزید ہوا دے گا لہذا ضرور ت اس بات کی ہے کہ یہ معاہدہ برقرار رکھا جائے جس سے عالمی سلامتی پر قدرے بہتر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے بھی اس کے جواب میں کہا کہ متعلقہ معاہدہ ایران کو جوہری اسلحہ بنانے سے روکنے میں معاون بنا ہے جسے امریکی فیصلے سے مبرا برقرار رکھنے کی ضرورت ہوگی۔یاد رہے کہ 2015 میں 6 عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان جوہری معاہدہ طے کیا گیا تھا۔