صاف پانی کرپشن کیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع ، عائشہ غوث پاشا اور وحید گل نیب میں پیش

وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا سے تقریباً دو گھنٹے ،رکن پنجاب اسمبلی وحید گل سے اڑھائی گھنٹے تک تفتیش کی گئی سوالنامہ دیکر 16مئی کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے ‘ وحید گل /سابق چیئرمین کاشف پڈھیار کو بھی آج تفتیش کیلئے طلب کر لیا گیا

بدھ 9 مئی 2018 21:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 9 مئی 2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے صاف پانی کرپشن کیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا، نیب لاہور آفس میں صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا سے تقریباً دو گھنٹے اور رکن پنجاب اسمبلی وحید گل سے اڑھائی گھنٹے تک تفتیش کی گئی جبکہ سابق چیئرمین کاشف پڈھیار کو بھی آج ( جمعرات ) تفتیش کے لئے طلب کر لیا گیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب کی جانب سے پنجاب حکومت کی طرف سے 2015ء میں بنائی گئی صاف پانی کمپنی میں کرپشن کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہے ۔ اسی سلسلے میں گزشتہ روز صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نیب لاہور آفس میں پیش ہوئیں ۔ عائشہ غوث پاشا کو 2015-16میں بطور چیئرپرسن بورڈ آف ڈائریکٹر صاف پانی کمپنی طلب کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

تفتیشی ٹیم کی جانب سے صوبائی وزیر عائشہ غوث پاشا سے تقریباً دو گھنٹے تک تفتیش کی گئی جس کے بعد وہ واپس روانہ ہو گئیں ۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی وحید گل بھی نیب لاہور میں تفتیش ٹیم کے سامنے پیش ہوئے ، انہیں بطور ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر طلب کیا گیا تھا جن سے اڑھائی گھنٹے تک تفتیش کی گئی اور سوالنامہ دیا گیا ۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وحید گل نے کہا کہ میرے بطور ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر کوئی کرپشن نہیں ہوئی ، ٹیکنیکل غلطیاں ہو سکتی ہیں ۔ نیب کی جانب سے 16مئی کو دوبارہ طلب کیا گیا جس پر پیش ہو جائوں گا۔ ذرائع کے مطابق صاف پانی کرپشن کیس میں سابق چیئرمین کاشف پڈھیار کو بھی آج ( جمعرات ) کے روز نیب لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے۔