امریکا کی جانب سے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے معاملے پر پاکستان کا ردعمل

پاکستان نے امریکی صدر کے اعلان پر تشویش کا اظہار کردیا، اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے متعلقہ ادارے نے ایران کی جانب سے معاہدے کی پاسداری کرنے کی تصدیق کی تھی: دفتر خارجہ

بدھ 9 مئی 2018 20:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 9 مئی 2018ء) پاکستان نے امریکا کی جانب سے ایران جوہری معاہدے کو ختم کرنے کے اقدام کی مخالفت کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے معاملے پر پاکستان نے ردعمل دیا ہے۔ پاکستان نے امریکی صدر کے اعلان پر تشویش کا اظہار کردیا ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے اس معاملے پر بدھ کے روز خصوصی بیان جاری کیا گیا۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے متعلقہ ادارے نے ایران کی جانب سے معاہدے کی پاسداری کرنے کی تصدیق کی تھی۔ ایسے میں ایران کیساتھ کیا جانے والا جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان نہیں کیا جانا چاہیئے تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی اعلان کے باوجود ایران کیساتھ کیا گیا جوہری توانائی کا معاہدہ ختم نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ 2015 میں ہونے والے ایران جوہری معاہدے سے نکل رہا ہے اور ایران کے خلاف سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران جوہری معاہدے سے امریکی اور امریکہ کے اتحادیوں کو محفوظ کرنا تھا لیکن اس معاہدے نے ایران کو یورینئیم کی افزودگی جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ تباہ کن ایران جوہری معاہدہ امریکہ کے لیے باعث ’شرمندگی‘ ہے۔ منگل کو اعلان کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ ایران کو عدم استحکام پھیلانے، بشمول دہشت گردی کی معاونت جیسی کارروائیوں سے نہیں روکتا۔ اس لیے 2015 میں ہونے والے معاہدے کے تحت ایران پر سے اٹھائی جانے والی معاشی پابندیاں دوبارہ سے عائد کی جائیں گی۔