بحریہ ٹاون میں گھروں اور زمینوں کی قیمتوں میں اچانک بڑی کمی واقع

گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ کی جانب سے دیے گئے فیصلے کے بعد بحریہ ٹاون میں پراپرٹی کی قیمتوں میں 15 سے 20 فیصد تک کمی واقع

بدھ 9 مئی 2018 21:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 9 مئی 2018ء) بحریہ ٹاون میں گھروں اور زمینوں کی قیمتوں میں اچانک بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے بحریہ ٹاون کیخلاف دیے گئے فیصلے کے بعد پاکستان کی سب سے بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنی کو بڑا نقصان برداشت کرنا پڑ گیا ہے۔ ایک انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بحریہ ٹاون میں گھروں اور زمینوں کی قیمتوں میں اچانک بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔

خاص کر بحریہ ٹاون کراچی میں پلاٹوں اور گھروں کی قیمتوں میں 15 سے 20 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ اس حوالے سے رئیل اسٹیٹ کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کا کہنا ہے کہ فی الحال سپریم کورٹ کے فیصلے کے باعث بحریہ ٹاون میں  زمینوں اور گھروں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اس کے باوجود بحریہ ٹاون میں زمینوں اور گھروں کی قیمتوں میں یکدم کمی واقع ہوئی ہے۔

بحریہ ٹاون کے کچھ علاقوں میں 10 فیصد تک جبکہ کچھ علاقوں میں 15 سے 20 فیصد تک قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ان قیمتوں کا اثر بحریہ ٹاون میں خرید و فروخت کا عمل شروع ہونے کے بعد ہوگا۔ اس تمام صورتحال میں بحریہ ٹاون میں پراپرٹی کے مالکان پریشانی کا شکار ہیں۔ تاہم اس  تمام صورتحال کا زیادہ نقصان بحریہ ٹاون کے مالکان کو برداشت کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جمعہ کے روز سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاون کراچی اور سندھ حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے حکم میں کہا گیا تھا کہ سندھ حکومت نے بحریہ ٹاون کو جتنی بھی سرکاری زمین الاٹ کی ہے، اس کی الاٹمنٹ فوری منسوخ کرتے ہوئے بحریہ ٹاون میں ہر قسم کی پراپرٹی کی خرید و فروخت پر فوری پابندی عائد کی جاتی ہے۔ سپریم کورٹ نے نیب کو بھی اس تمام معاملے کی تحیققات کرنے کا حکم جاری کیا۔ جبکہ بحریہ ٹاون میں زمینیں اور گھر خریدنے والے عام صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا۔