پنجاب بھرمیں اربوں روپے کی لاگت سے خوبصورت اور پائیدار سڑکوں کا جال دیہی علاقوں تک پھیلایا گیا ہے،

اس سے نہ صرف کسانوں کو اپنی اجناس منڈیوں تک لے جانے میں آسانی ہوئی ہے بلکہ دیہی عوام کو آمد و رفت کی بہتر سہولیات میسر آئی ہیں، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں

بدھ 9 مئی 2018 23:56

فیصل آباد۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 9 مئی 2018ء)پنجاب بھرمیں خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے خوبصورت اور پائیدار سڑکوں کا جال دیہی علاقوں تک پھیلایا گیا ہے جس کی بدولت نہ صرف کسانوں کو اپنی اجناس منڈیوں تک لے جانے میں آسانی ہوئی ہے بلکہ دیہی عوام کو تعلیم و صحت اور دیگر بنیادی ضروریات تک رسائی کے لئے آمد و رفت کی بہتر سہولیات میسر آئی ہیں ۔

یہ بات صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے چک نمبر 49 ج ب منڈا پنڈ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ایم پی اے چوہدری ظفر اقبال ناگرا ‘ چیئرمین یونین کونسل ارشد باٹھ ‘ سابق نائب ناظم احمد دیو ‘میاں ضیاء الرحمن، رانا نعیم نومی‘ ذوالفقار بھٹو اور گائوں کے دیگر سرکردہ افراد موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے شہری ترقی کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی تعمیر و خوشحالی پر خصوصی توجہ دی ہے اس ضمن میں تاریخی کسان پیکج کے تحت کسانوں کو رعایتی نرخوں پر کھادوں ‘ زرعی ادویات ‘ بلا سود زرعی قرضہ جات کی فراہمی کے علاوہ جدید کاشت کی سہولیات ان کی دہیلز تک پہنچائی جارہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے شوگر ملوں سے گنے کے واجبات کی تیز رفتاری ادائیگی کے لئے خصوصی مانیٹرنگ کی گئی اور اب کاشتکاروں سے 13 سو روپے فی چالیس کلو گرام کی امدادی قیمت پر گندم کی خریداری کی مہم جاری ہے جسکو شفاف اور کاشتکاروں کے لئے سنٹرز پر خصوصی سہولیات برقرار رکھنے کے لئے حکومت پنجاب کی تمام تر انتظامی مشینری پوری طرح متحرک ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ خلوص نیت سے ملک و قوم کی خدمت کرنا پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی حکومت کا پختہ عزم ہے لیکن بعض سیاسی مخالفین نے سازشوں کے ذریعے ترقی کے عمل کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے اور عوام آئندہ الیکشن میں ایسے سیاسی عناصر کابوریا بستر گول کردیں گے ۔ انہوںنے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے انرجی پلانٹس کے قیام کے منصوبوں کی تکمیل ‘ دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے حکومت کی کامیاب کوششوں اور پاکستان کی انقلابی ترقی کے لئے سی پیک کے شاندار منصوبے کا ذکر کیا اور کہا کہ ترقی کے اس اعلی معیار سے سیاسی مخالفین بوکھلا گئے ہیں جو اپنا تاریک مستقبل دیکھ کر طرح طرح کی الزام تراشاں کر رہے ہیں لیکن عوام ان کی چالوں اور پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی عوامی خدمت کو اچھی طرح جانتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دیہی عوام کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور ہر گائوں کو مثالی بنائیں گے ۔ اس موقع پر ایم پی اے چوہدری ظفر اقبال ناگرا نے دیہی علاقوں میں مکمل کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ یہ علاقے خوبصورت سڑکوں اور موٹر وے سے منسلک ہیں جن کی بدولت ترقی و خوشحالی ہر گائوں تک پہنچ گئی ہے ۔ چیئرمین یونین کونسل ارشد باٹھ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی حکومت کی عوامی بھلائی کے لئے انقلابی پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ یہ پارٹی عمدہ کارکردگی کی بنا پر اگلا الیکشن بھی جیتے گی ۔ انہوں نے رانا ثناء الله خاں کی عوامی اور سیاسی خدمات کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا ۔