ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی نیب کی اولین ترجیح ہے،

خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بدعنوانی ہے، نیب کا نعرہ ’’نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان‘‘ ہے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کا پشاور میں تقریب سے خطاب

جمعرات 10 مئی 2018 20:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی نیب کی اولین ترجیح ہے، خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بدعنوانی ہے، نیب کا نعرہ ’’نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان‘‘ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قومی احتساب بیورو کے ریجنل دفتر میں کیا جہاں وہ مضاربہ کیس اور دیگر کیسوں میں نیب کی طرف سے واگزار کی گئی رقم متاثرین میں تقسیم کرنے کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ تقریب میں ڈی جی نیب خیبرپختونخوا فرمان الله خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب نے کہا کہ چراغ سے چراغ جلتا رہے گا تو ملک سے کرپشن کے اندھیرے ختم ہو جائیںگے۔

انہوں نے کہا کہ نیب خیبرپختونخوا کی طرف سے سات مقدمات میں بدعنوانوں سے واگزار کروڑوں روپے کی رقم متاثرین کو واپس کرنا جہاں ایک احسن قدم ہے وہاں نیب کی بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 290 ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے جس میں 14 ارب روپے کی رقم نیب خیبرپختونخوا نے برآمد کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، نیب کی بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں الیکشن سے پہلے جاری ہیں اور الیکشن کے بعد بھی جاری رہیں گی کیونکہ نیب کی وابستگی صرف اور صرف پاکستان سے ہے اور نیب کا ہر قدم قانون کے مطابق ملک و قوم کے مفاد اور کرپشن کے ناسور کو ملک سے ختم کرنے کیلئے اٹھایا جاتا ہے کیونکہ ملک اس وقت تقریباً 84 ارب ڈالر کا مقروض ہے اور یہ رقم کہاں خرچ ہوئی اس کا معرف جاننا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مضاربہ، مشارکہ، حج اور ہائوسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کیلئے نیب تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے عوام سے بھی کہا کہ وہ اپنی عمر بھر جمع پونجی سوچ سمجھ کر انتہائی دیکھ بھال اور قانون کے مطابق قائم ہائوسنگ سوسائٹیوں اور دیگر کاروبار میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے ڈی جی نیب فرمان الله خان کی سربراہی میں نیب خیبرپختونخوا کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی نیب خیبرپختونخوا کے افسران و اہلکاران محنت، ایمانداری اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔