سپریم کورٹ نے انتخابی فہرستوں سے جعلی ووٹ نکالنے سے متعلق عمران خان کی درخواست نمٹا دی

الیکشن میں بہت کم وقت رہ گیا ہے، جس کے پیش نظر الیکشن 2018 ء کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ کاانعقاد ممکن نہیں ہوگا، اس معاملے کے بارے کوئی رپو رٹ طلب کرلی تو اس پرمیڈیا میں نئی بحث چھڑ جائے گی، عدالت

جمعرات 10 مئی 2018 23:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء) سپریم کورٹ نے انتخابی فہرستوں سے جعلی ووٹ نکالنے سے متعلق عمران خان کی درخواست نمٹاتے ہوئے قراردیا ہے کہ الیکشن میں بہت کم وقت رہ گیا ہے، جس کے پیش نظر الیکشن 2018 ء کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ کاانعقاد ممکن نہیں ہوگااورعدالت نے اس معاملے کے بارے کوئی رپو رٹ طلب کرلی تو اس پرمیڈیا میں نئی بحث چھڑ جائے گی ۔

جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے انتخابی فہرستوں سے جعلی ووٹوں کے اخراج سے متعلق عمران خان کی درخواست کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سینثر وکیل حامد خان نے پیش ہوکرموقف اپنایا کہ انتخابی فہرست پر ووٹروں کی تصاویر شائع ہو چکی ہیں، جس سے کسی بھی ووٹر کی شناخت ہوسکے گی اس لئے تصاویر کی شناخت کے ذریعے الیکٹرانگ ووٹنگ کرانے کا حکم جاری اور متعلقہ اداروں سے اس بارے میں رپوت طلب کی جائے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کیلئے پہلے تجربہ کیا جانا لازمی ہے، جبکہ آنے والے الیکشن میں وقت کم رہ گیا ہے، اب یہ ممکن نہیں ہے کہ الیکشن 2018 ء کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ کاطریقہ کار اپنایا جائے ، اگرہم نے اس معاملے کے بارے میں ابھی کوئی رپورٹ طلب کرلی تو میڈیا میں ایک نئی بحث چھڑ نے کے ساتھ کنفیوژن پیدا ہوگی۔ بعدازاں عدالت نے ووٹر فہرست سے متعلق عمران خان کی درخواست نمٹا تے ہوئے قرار دیا کہ اگردرخواست گزار مستقبل میں ضرورت محسوس کرے تو درخواست دیکر اس مقدمہ بحال کروایا جا سکتا ہے۔