بطور صدر ن لیگ چوہدری نثار کو پارٹی ٹکٹ دوں گا یا نہیں؟ شہباز شریف کا بڑا اعلان

نثار اب بھی میرے دوست ہیں،نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان اختلافات ختم کروانے کیلئے سینئر پارٹی رہنما سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں،مسلم لیگ (ن) کے صدر اوروزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی جہلم میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 10 مئی 2018 23:38

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر اوروزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان اختلافات ختم کروانے کے لیے سینئر پارٹی رہنما سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ جمعرات کو یہاںجہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار اب بھی میرے دوست ہیں اور بطور صدر ن لیگ انہیں پارٹی ٹکٹ دوں گا۔

نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان اختلافات سے متعلق سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ میں ابھی نہیں بتا سکتا لیکن دونوں کے درمیان صلح ہونی چاہیے۔صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے لیے سینیر پارٹی رہنما سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے درمیان کئی ماہ سے اختلافات چلے آ رہے ہیں جس کا چوہدری نثار پریس کانفرنس میں اظہار بھی کر چکے ہیں۔

خلائی مخلوق سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ نا کوئی خلائی مخلوق ہے اور نا ہی کوئی خوفزدہ ہے، سب کو آئین اور قانون کا احترام کرنا چاہیے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرناچاہیے، قوم کا وقت ضائع نہ کریں اور جھوٹے الزامات نہ لگائیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کا ایک ایک لمحہ اور ایک ایک روپیہ قیمتی ہے، ہڑتالیں نہ کریں، لاک ڈان نہ کریں اور دھرنے نہ دیں۔