تمام انتخابات میں خلائی مخلوق کا محدود کردار رہا ، اس بار تو انتخابات لڑ رہی ہے‘ رانا ثنا اللہ

جنوبی پنجاب کا نعرہ فراڈ تھا ،نعرہ لگانے والے سارے سیاسی فراڈیے ہیں‘ وزیر قانون پنجاب

جمعرات 10 مئی 2018 23:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ خلائی مخلوق کا تمام انتخابات میں محدود کردار ضرور رہا ہے لیکن اس بار توخلائی مخلوق انتخابات لڑ رہی ہے،خلائی مخلوق کو اس مرتبہ خلا میں بھیج دیں گے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار خلائی مخلوق صر ف انتخابات مینج نہیں کررہی بلکہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں اور تجاویز دے رہی ہے کہ کہاں سے کون امیدوار بہتر ہوگا۔

پہلے الیکٹیبلز کو ڈرامے دھمکانے کی کوشش کی اور اب ان کی منت سماجت بھی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا نعرہ فراڈ تھا اور نعرہ لگانے والے سارے فراڈیے ہیں، یہ سیاسی فراڈیے اس قسم کا فراڈ کرتے ہیں ۔یہ ایک فیصد بھی رسک لینے والے لوگ نہیںاور جس دن فیصلہ آئے گا اس دن یہ فیصلہ کریں گے کونسی جماعت جیت گئی ہے اور یہ اس جماعت میں شامل ہو جائیں گے۔