نائجیرین فوج کا اتحادیوں کیساتھ ملکر آپریشن، ایک ہزار یرغمالی بازیاب کرالیے

ریاست کنڈنا کے گاؤں گواسکا کی حفاظت کرنے والی ملیشیا پر ڈاکوؤں کا حملہ،جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد71ہوگئی

بدھ 9 مئی 2018 12:00

ابوجہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 9 مئی 2018ء)نائجیریا میں فوج نے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کر کے 1ہزار سے زائد یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا ہے جبکہ شدت پسند ڈاکوؤں اور ملیشیا کے درمیان جھڑپ میں ہلاکتوں کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نائجیریا کی فوج نے کارروائی کر کے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے قبضے سے 1ہزار سے زائد یرغمالیوں کو چھڑا لیا ہے۔

ریاست بورنو کے فوجی ترجمان بریگیڈیئیر جنرل ٹکساس چکوو نے بتایا کہ چار گاؤں سے بازیاب کرائے گئے یرغمالیوں میں سے اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ ان میں کچھ مرد بھی شامل ہیں جن پر بوکو حرام کا حصہ بننے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ نائجیریا کی فوج نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر یہ آپریشن انجام دیا تاہم انہوں نے آپریشن کی مدت یا یرغمالیوں کو کہاں سے بازیاب کرایا گیا، اس حوالے سے کوئی بھی بات بتانے سے انکار کردیا۔

افریقہ کی سب سے بڑی تنظیم بوکو حرام گزشتہ 9سال سے خطے میں دہشت گردی میں ملوث ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ ہزاروں لڑکیوں کو اغوا بھی کیا جا چکا ہے۔فوج اس سے قبل بھی لڑکیوں اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد کو بازیاب کراچکی ہے لیکن ابھی تک 2014 میں چبوک کے اسکول سے اغوا کی گئی لڑکیوں کو بازیاب نہیں کرا سکی۔

دوسری جانب مشرقی افریقہ کی سب سے بڑی معیشت نائجیریا میں آئندہ سال ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل پرتشدد واقعات کا سلسلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا چلا جا رہا ہے جس پر عالمی برداری نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، ریاست کنڈنا کے گاؤں گواسکا کی حفاظت کرنے والی ملیشیا پر ڈاکوؤں نے حملہ کردیا تھا جس کے بعد سے دونوں میں شدید لڑائی جاری ہے اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 71 ہو چکی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹنیو گٹیرس نے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے واقعے ذمے دار افراد کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔