امر یکہ کا ایران کو طیارے برآمد کرنے کے پرمٹ منسوخ کرنے کا اعلان

آئندہ اقدامات کمپنی پالیسی اور برآمدی قوانین کی مکمل پاسداری کے مطابق ہوں گے،کمپنی کا موقف

بدھ 9 مئی 2018 22:34

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 9 مئی 2018ء)امریکی وزارت خزانہ ایران کو طیارے برآمد کرنے کے پرمٹ منسوخ کر دے گی،آئندہ اقدامات کمپنی پالیسی اور برآمدات سے متعلق پابندیوںکے قوانین کی مکمل پاسداری کے مطابق ہوں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک سینئر امریکی عہدے دار نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تہران کے ساتھ جوہری معاہدے سے علاحدگی کے فیصلے کے بعد وزارت خزانہ ایران کو برآمدات سے متعلق اٴْن اجازت ناموں کو منسوخ کر دے گی جو اس وقت شہری ہوابازی کی کمپنیوں کے پاس ہیں۔

وزارت خارجہ کے مذکورہ سینئر عہدے دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ "پہلے 90 روز کے دوران وزارت خزانہ مخصوص پرمٹس کو منسوخ کر دے گی جو شہری ہوابازی سے متعلق خصوصی اجازت ناموں کی پالیسی کے تحت جاری کیے گئے تھی"۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ "وزارت خزانہ نجی سیکٹر کی کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں رہے گی اور باقاعدہ صورت میں ان پرمٹس کو منسوخ کرنے پر کام کرے گی"۔

دوسری جانب ایئربس کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ حرکت میں آنے سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری معاہدے سے دست برداری کے فیصلے پر غور کر رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کے لیے وقت درکار ہے اور آئندہ اقدامات کمپنی کی اندرونی پالیسی اور برآمدات سے متعلق پابندیوں اور نگرانی کے قوانین کی مکمل پاسداری کے مطابق ہوں گے۔ایرانی فضائی کمپنی (ایران ایئر) نے 38.3 ارب ڈالر مالیت کے 200 مسافر طیاروں کا آرڈر دیا تھا۔ ان میں 100 طیارے ایئربس سے ، 80 بوئنگ سے اور 20 اے ٹی آر کمپنی سے طلب کیا گئے۔ یہ تمام سمجھوتے امریکی پرمٹس کے مرہون ہیں۔