بھارتی دارالحکومت میں 139کروڑ روپے کے گھپلے کا انکشاف

وزیر اعلیٰ دہلی مشکل میں،لیبر ویلفیئر بورڈ میں فرضی مزدوروں کی رجسٹریشن کے معاملہ میں دہلی حکومت ملوث ہونے کا شبہ

جمعرات 10 مئی 2018 20:22

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء)بھارتی دارالحکومت میں 139کروڑ روپے کے گھپلے کا انکشاف ہوا ہے،وزیر اعلیٰ دہلی اروندکیجریوال مشکل میں پھنس گئے،دہلی لیبر ویلفیئر بورڈ میں فرضی مزدوروں کی رجسٹریشن کے معاملے میں دہلی حکومت ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت دارالحکومت دہلی کے وزیر اعلیٰ اروندکیجریوال مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

دہلی لیبر ویلفیئر بورڈ میں فرضی مزدوروں کی رجسٹریشن کے معاملے میں دہلی حکومت ملوث نظر آرہی ہے۔ گزشتہ 3برسوں میں دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت پر تعمیراتی مزدور فنڈ میں 139کروڑ روپے کے گھپلے کا الزام عائد کیا گیا۔ دہلی لیبر ویلفیئر بورڈ کے سابق صدر و مزدور رہنما سکھبیر شرما نے اینٹی کرپشن بیورو میں شکایت درج کرائی کہ دہلی حکومت نے تعمیراتی لیبرفنڈ میں 139کروڑ روپے کا گھپلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اے سی بی نے مقدمہ درج کرنے سے قبل تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ ایسے نام فنڈ کی فہرست میں درج ہیں جو آٹو رکشہ چلاتے ہیں یا کہیں بوتیک میں کام کرنیوالے افراد ہیں۔ بورڈ نے واضح کیا کہ دیگر کام کرنیوالوں کے نام لیبر فنڈ کی فہرست میں رجسٹرنہیں کرائے جاسکتے۔ بورڈ نے اس گھپلے کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔