سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی العالمی کے اہم کمانڈر کو گرفتار کر لیا

ملزم نے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کوئٹہ اعتزاز احمد گورایا کی پریس کانفرنس

بدھ 9 مئی 2018 23:58

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 9 مئی 2018ء) ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کوئٹہ اعتزاز احمد گورایا نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی نے خفیہ ادارے کی اطلاع پر کلی شاہ محمد میاں غنڈی سے کالعدم تنظیم لشکرجھنگوی العالمی کے اہم کمانڈرحافظ محمد اسماعیل عرف مفتی عرف خالد ولد حاجی مولانابخش قوم مینگل سکنہ میاں غنڈی کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضہ سے 01 کلاشنکوف ،1 میگزین ،01 عددہینڈگرنیڈ اور تقریباً ڈیڑھ کلوگرام بارود معہ نٹ بلٹ برآمد کر لیا ہے۔

ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایاکہ اس نے سال 2014 ء میں نجیب بادینی جوکہ لشکر جھنگوی العالمی کوئٹہ کااہم کمانڈر تھا، کواپنے ساتھ کام کرنے کے لیے شامل کیا، ملزم نے لشکری جھنگوی العالمی میں رہتے ہوئے دہشت گردی کی وارداتوں کاانکشاف کیا ہے۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ملزم نے اعتراف کیاہے کہ مورخہ 05.01.2016 کوپرانی سبزی منڈی میں پرچون گلی میں ایک دکان کے سامنے دوقندھاری شیعہ کوفائرنگ کرکے ٹارگٹ کیاجبکہ مورخہ 2016 . 01 . 08 کوملتانی محلہ مسجد عمرکے سامنے دوپولیس اہلکار جوکہ جمعہ نماز کی ڈیوٹی پرماورتھے کوفائرنگ کرکے ٹارگٹ کیا۔

اس کے علاوہ مورخہ 2016 . 06 . 29 کوڈبل روڈ پر 04 ایف سی اہلکار جو گاڑی کی مرمت کرنے کے لئے آٹوورکشاپ کے سامنے کھڑے تھے کوفائرنگ کرکے ٹارگٹ کیا۔انہوںنے کہاکہ ملزم کی گرفتاری کے بعد کئی پرانے مقدمات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جوکہ سی ٹی ڈی کی اہم کامیابی ہے اورکوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کے تدارک میں ایک اہم پیش رفت ہے ملزم کی نشاندہی پرملزم کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔