مئی کو مینار پاکستان پر ہونے والا متحدہ مجلس عمل کا جلسہ سیاسی گیم چینجر ثابت ہوگا ‘لیاقت بلوچ

پاکستان کی سیاست کو جاگیرداروں ، سرمایہ داروں نے بدنام کیاہے ہم اس جلسہ عام کے ذریعے اسٹیٹس کو کو توڑ دینے کا عزم کرینگے ساٹھ دن کے اندر انتخابات کرائے جائیں اور آئین کے مطابق بروقت نگران حکومت مقرر کی جائے ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 10 مئی 2018 00:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 9 مئی 2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اس وقت ملک مسائل اور مشکلات میں گھرا ہواہے جبکہ ملکی سیاست تصادم کا شکار ہے ، ایک طرف بیرونی دشمن ہم پر حملہ آور ہے اور دوسری طرف ہم اندرونی طور پر باہم دست و گریبان ہیں جس کی وجہ سے پوری قوم پریشان ہے ، موجودہ گھمبیر صورتحال سے عوام کو نکالنے اور 2018 ء کے انتخابات کے لیے ایم ایم اے کی طرف سے ایک واضح قومی ایجنڈا دینے کے لیے ہم مینار پاکستان ،جو ہماری آزادی اور عظمت و وقار کا نشان ہے ، سے اپنی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں ، 13 مئی کو مینار پاکستان پر ہونے والا متحدہ مجلس عمل کا جلسہ سیاسی گیم چینجر ثابت ہوگا ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے مینار پاکستان پر 13 مئی کے جلسہ کی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد مولانا محمد امجد خان ، علامہ عارف واحدی ، شفیق پسروری اور متحدہ مجلس لاہور کے صدر ذکر اللہ مجاہد کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کی سیاست کو جاگیرداروں ، سرمایہ داروں نے بدنام کیاہے ہم اس جلسہ عام کے ذریعے اسٹیٹس کو کو توڑ دینے کا عزم کریں گے ۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابات آئینی مدت کے اندر کرائے جائیں ۔ عدالت کے پاس اس کا اختیار نہیں کہ انتخابات ملتوی کرے۔ ساٹھ دن کے اندر انتخابات کرائے جائیں اور آئین کے مطابق بروقت نگران حکومت مقرر کی جائے ۔ ہم تیرہ مئی کو قومی منشور کا اعلان کریں گے ۔ جلسہ عام میں مرکزی رہنما انتخابی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے یہ جلسہ دین سے محبت کرنے والوں کو حوصلہ اور پیغام دے گا ہم دولت کی سیاست کو دیوار سے لگائیں گے اور پاکستانی عوام کو آزاد کرائیں گے ۔

میڈیا بھی ہمیں ہمارا حق دے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتیں پاکستان میں آئین کی بالادستی ، سیاسی جمہوری اور آئینی جدوجہد پر یقین رکھتی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا کے ذریعے یہ باتیں سامنے آرہی ہیں کہ متحدہ مجلس عمل کے مقابلے میں کچھ اور دینی جماعتوں کو بھی جمع کیا جارہاہے ، لیکن ہم سمجھتے ہیںکہ متحدہ مجلس عمل ایک پلیٹ فارم ہے جو قوم کو وحدت کی لڑی میں پرو سکتاہے اور پاکستان میں سیکولر ازم ، لادینیت اور ظلم و جبر کے نظام کے خاتمہ کے لیے محبان دین و وطن قوتوں کو متحد کر سکتاہے ۔

انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل تمام دینی قیادت ، ملک کی خوشحالی اور استحکام کے لیے کوشش کرنے والی جماعتوں کو اور ملک کے روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو اپنے ساتھ ملائے گی۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی دینی قوتوں ، اقلیتی برادری ، نوجوانوں ، طلبہ اور خواتین سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو ساتھ لے کر چلے گی ۔

13 مئی کا جلسہ ملک کودوبارہ نظریاتی شناخت دے گا اور پاکستان کے نظریے کے خلاف بر سرپیکار قوتوں کے لیے شکست کا پیغام ہوگا ۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی اسلامی شناخت اور عالمی برادری میں ملک کے وقار کے خلاف ہونے والی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔مولانا امجد خان نے کہاکہ مینار پاکستان ایک تاریخ رکھتاہے اس تاریخ کو سامنے لانے کے لیے تیرہ مئی کو ہونے والا تاریخی جلسہ ایک ریفرنڈم ہوگا ۔

تیرہ مئی کا جلسہ ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ اور پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کاعزم رکھنے والوں کا جلسہ ہے جو ثابت کرے گا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بناتھا اور اسلام کے نام پر ہی قیامت تک قائم رہے گا ۔ سیکولر اور لبرل ازم کا پرچار کرنے والوں کے ہاتھ ہزیمت کے سوا کچھ نہیں آئے گا ۔ انہوںنے کہاکہ جلسے میں لاہور اور قریبی اضلاع سے عوام لاکھوں کی تعداد میں جوق در جوق شرکت کریں گے ۔

رانا شفیق پسروری نے کہاکہ پاکستان کے استحکام کے لیے دینی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کا تیرہ مئی کو مینار پاکستان پر ہونے والا عظیم الشان اجتماع ثابت کرے گا کہ پاکستان کے عوام ملک میں شریعت کا نظام چاہتے ہیں ۔ یہ اجتماع سابقہ تمام اجتماعات سے بڑاہوگا جس میں اسلام اور نظریہ پاکستان سے محبت کرنے والے لاکھوں لوگ شرکت کریں گے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ تیرہ مئی کے قومی جلسہ کے تمام انتظامات مکمل ہیں دن رات سینکڑوں تربیت یافتہ کارکنان کئی روز سے انتظامات میں مصروف ہیں اور ان شاء اللہ بارہ مئی کی شام تک ہم ایم ایم اے کی مرکزی قیادت کو اجتماع گاہ کے دورے کی دعوت دیں گے ہم ایک ہزار مہمانوں کو اسٹیج پر بٹھانے کا انتظام کررہے ہیں چاروں صوبوں سے اجتماع میں نمائندہ وفود شریک ہوں گے ۔

علامہ عارف واحدی نے کہاکہ تیرہ مئی کو مینار پاکستان کے سبزہ زار میں متحدہ مجلس عمل کا عظیم الشان اجتماع ہوگا استحکام پاکستان اور نفاذ اسلام کی جدوجہد کرنے والے لاکھوں کی تعداد میں اس تاریخی میدان میں جمع ہوں گے ۔ دینی قوتیں متحد ہوگئی ہیں اور اخوت و بھارئی چارے کا مظاہرہ کریں گی ۔