آئی جی سندھ کی زیر صدارت اجلاس،پولیس ٹریننگ کے جملہ امور کا مختلف حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا

سندھ کے تمام وومن پولیس اسٹیشن کا نام تبدیل کرکے وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن یونٹ رکھنے کا فیصلہ زیرتربیت اہلکاروں کے لیئے صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے ڈنرز میوزیکل پروگرامز سیروسیاحت کھیل کود جیسے اقدامات کو ٹریننگ کے عمل کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے،سندھ پولیس کے تمام تربیتی مراکز میں جاری ترقیاتی امور باالخصوص باؤنڈری والز کی تعمیر جیسے اقدامات کی جلد سے جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ

جمعرات 10 مئی 2018 23:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیر صدارت اجلاس میں پولیس ٹریننگ کے جملہ امور کا مختلف حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں مذید اقدامات اٹھائے جانیکے لیئے ضروری ہدایات دی گئیں۔اجلاس میں آئی جی سندھ نے سندھ کے تمام وومن پولیس اسٹیشن کا نام تبدیل کرکے وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن یونٹ رکھنے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے تمام ضروری احکامات دیئے۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سندھ،ڈی آئی جی ٹریننگ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ سندھ کے علاوہ اے آئی جی ایڈمن اور سندھ پولیس کے تمام ٹریننگ اسکولز وکالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔ڈی آئی جی ٹریننگ نے دوران بریفنگ اجلاس کو سندھ پولیس کے تمام تربیتی مراکز کے اسٹیبلشمنٹ،نصاب،تربیتی پالیسی،استعدادی صلاحیت، ترقیاتی امور اور ویلفیئر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ابتک بیس ہزار پولیس اہلکار پاکستان آرمی سے تربیت حاصل کرچکے ہیں اور ان میں سے 16970 پاس آؤٹ ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ3030 کو اسی ماہ پاس آؤٹ کردیا جائیگا۔انہوں نے مذید بتایا کہ سندھ بھر کے 450 پولیس اہلکاروں کو اسپیشلائزڈ کمانڈو ٹریننگ کے لیئے منتخب کرنیکے علاوہ 142 انسٹرکٹرز کو بھی پاکستان آرمی سے ریفریشر کورس کے لیئے نامزد کردیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ اسی ماہ پاس آؤٹ ہونے والے 3030پولیس اہلکاروں کو کراچی پولیس کے ڈسپوزل پر دیدیا جائے تاکہ رمضان المبارک سیکیورٹی اقدامات کو مذیدغیرمعمولی بنایا جاسکے۔آئی جی سندھ نے تمام پرنسپلز کو ہدایات دیں کہ پندرہ دن غیرحاضر ہوجانیوالے ریکروٹ کی تربیت میں بطور سزا ایک ماہ کی مدت کا اضافہ کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ رزاق آباد میں آئندہ صرف اور صرف ایگلیٹ کورس کا ہی انعقاد کیا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے تمام پولیس ٹریننگ سنٹرز/کالجز کے پرنسپلز کو ہدایات دیں کہ پولیس تربیت کے مختلف مراحل اورمدت پر مشتمل باقاعدہ ایک شیڈول تیار کیا جائے اور بعدازاں اسکی کاپیاں ذیرتربیت تمام پولیس اہلکاروں میں تقسیم کی جائیں تاکہ تربیت پر فوکس رکھتے ہوئے تمام اہلکار تربیت کی کامیابی سے تکمیل کو ممکن بناسکیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ زیرتربیت اہلکاروں کے لیئے صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے ڈنرز میوزیکل پروگرامز سیروسیاحت کھیل کود جیسے اقدامات کو ٹریننگ کے عمل کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ سندھ پولیس کے تمام تربیتی مراکز میں جاری ترقیاتی امور باالخصوص باؤنڈری والز کی تعمیر جیسے اقدامات کی جلد سے جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔اس حوالے سے انہوں نے ایڈیشنل آئی جی سندھ کو بھی ہدایات دیں کہ پولیس کے تمام تربیتی مراکز کا اندرون ایک ہفتہ دورہ کرکے جاری تمام ترقیاتی امور کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ تیار کرکے برائے ملاحظہ و مذید ضروری اقدامات ارسال کی جائے۔