مسلم لیگ ن 5سال بعد کل ملتان میں عوامی جلسہ کرے گی

لیگی کارکن نے مریم نوازکیلئے سونے کا شاہی تاج تیارکرالیا،لیگی رہنما نوازشریف کی آمدپراونٹوں کا صدقہ دیں گے جلسہ کی کامیابی کیلئے شعبہ خواتین کی دعائیہ تقریب ،میاں نوازشریف اورمریم نوازکی آمد کی خوشی میں کیک کاٹا گیا،سوشل میڈیا ونگ نے بھی جلسہ کیلئے حکمت عملی ترتیب دے دی

جمعرات 10 مئی 2018 23:22

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء)قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف اور مریم نوازشریف کی کل گیارہ مئی کوملتان آمد کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں،ملتان کے لیگی کارکن عبدالرحمن فری نے جلسے میں مریم نوازشریف کوپہنانے کیلئے 10تولہ سونے کا شاہی تاج تیارکرالیا جبکہ ایک اور لیگی رہنما شیخ ندیم اکبر میاں نوازشریف کی ملتان آمد پر اونٹوں کی قربانی کا صدقہ دیں گے۔

خواتین کارکنان نے بھی جلسہ کی کامیابی کیلئے دعا ئیہ تقریب منعقدکی گئی جبکہ کارکنوں نے میاں نوازشریف کی ملتان آمد کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔دوسری طرف مسلم لیگ ن سوشل میڈیا ونگ جنوبی پنجاب کے رضاکاروں نے بھی جلسہ کی بھرپورکوریج کیلئے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔

(جاری ہے)

میاں نوازشریف آج پانچ سال بعد ملتان میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے ،اس سے قبل انہوں نے گزشتہ عام انتخابات کی مہم کے سلسلے میں ملتان میں جلسہ سے خطاب کیا تھا،آج گیارہ مئی کو جلسہ کے حوالے سے لیگی کارکنان خاصے پرجوش ہیں ۔

اسی سلسلے میں مسلم لیگ ن یوتھ ونگ ضلع ملتان صدر کی جانب سے گیارہ مئی کو ہونے والے جلسے میں مریم نوازشریف کوپہنانے کیلئے 10تولہ سونے کا شاہی تاج تیارکرایا گیا ہے۔لاکھوں روپے مالیت سے بنے سونے کے اس شاہی تاج پرقیمتی پتھربھی لگائے گئے ہیں۔یوتھ ونگ کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالرحمن فری نے کہا کہ مریم نوازشریف کیلئے خصوصی طورپر سونے کاشاہی تاج تیارکرایا گیا ہے ،گیارہ مئی کے ملتان جلسہ میں ان کی تاج پوشی کی جائے گی۔

مریم نوازشریف دخترپاکستان ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں اپنے والد قائدمسلم لیگ ن میاں نوازشریف کاہمیشہ حوصلہ بڑھایا ہے اورغیرجمہوری قوتوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ان کی جدوجہد مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے کارکنوںکیلئے مثال ہے۔ دوسری طرف مسلم لیگ ن کے رہنما و یوسی چئیرمین شیخ ندیم اکبرآج میاں نوازشریف کی ملتان آمد پراونٹوں کی قربانی کا صدقہ دیں گے ۔مسلم لیگ ن اور تما م ذیلی تنظیموں یوتھ ونگ،ایم ایس ایف،لیبرونگ اور شعبہ خواتین نے جلسہ کی کامیابی کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔