نوازشریف نے جاویدہاشمی کو ملتان جلسہ میں شرکت کی دعوت دے دی،ہاشمی جلسہ میں شرکت کریں گے

سینئرسیاستدان کی جانب سے کل نوازشریف اور مریم نواز کی موجودگی میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان متوقع ،جاویدہاشمی جلسہ میں جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے حوالے سے اہم اعلان بھی کریں گے،قریبی ذرائع عام انتخابات میں جاوید ہاشمی ن لیگ کے ٹکٹ پر ملتان میں قومی اسمبلی کے دوحلقوں این اے 155اوراین اے 158سے امیدوارہوں گے،ذرائع

جمعرات 10 مئی 2018 23:27

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء)قائدمسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کو کل گیارہ مئی کو ملتان میں منعقدہ جلسے میں شرکت کی دعوت دے دی،جاویدہاشمی جلسہ عام میں شرکت کریں گے جبکہ سینئرسیاستدان کا آج ملتان جلسہ میں نوازشریف اور مریم نوازکی موجودگی میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان بھی متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق جاویدہاشمی جلسہ میں جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے حوالے سے اہم اعلان بھی کریں گے۔ بزرگ سیاستدان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے جاویدہاشمی سے رابطہ کیا اورانہیں میاں نوازشریف کی جانب سے ملتان جلسے میں شرکت کی دعوت دی،بعد ازاں قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے جاوید ہاشمی سے خو د بھی فون پررابطہ کیا ، ان کی خیریت بھی دریافت کی اورانہیں جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

جاویدہاشمی آج کے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم جلسہ میں شرکت کریں گے اس موقع پران کی لیگی قائدین کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت بھی قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق عام انتخابات میں بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی ن لیگ کے ٹکٹ پر ملتان میں قومی اسمبلی کے دوحلقوں این اے 155اوراین اے 158سے امیدوارہوں گے۔واضح رہے کہ بزرگ سیاستدان متعدد بار مسلم لیگ ن میں شمولیت کا عندیہ دے چکے ہیں جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ قائد مسلم لیگ ن میاںنوازشریف انہیں پارٹی کی طرف سے کسی بھی حلقے سے الیکشن لڑنے کی پیشکش کرچکے ہیں۔