لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

جمعرات 10 مئی 2018 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء)لاہور ہائیکورٹ نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین کی غیر قانونی تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار حسین حیدر کے وکیل بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے تحت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ختم کر کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ تشکیل دیا گیا، قانون کے برعکس پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ تشکیل دیتے ہوئے چیئرمین جہانزیب خان کی تعیناتی غیرقانونی طور پر کی گئی۔

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ چیئرمین پی اینڈ ڈی جہانزیب خان کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائے اور انکی جانب سے کئے جانے والے غیر قانونی اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔ سرکاری وکیل نے جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ انتظامی طور پر قائم کیا گیا۔فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔