نیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو طلب کرلیا

جمعرات 10 مئی 2018 23:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو طلب کرلیا۔نیب اعلامیے کے مطابق حمزہ شہباز کو صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں طلب کیا گیا ہے۔نیب حکام نے حمزہ شہباز کو 18 مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے ،ْ نیب لاہور کی جانب سے ان کو نوٹس بھجوا دیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیب لاہور نے شہباز شریف کو صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں 4 جون کو طلب کیا تھا۔نیب حکام کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے صاف پانی کمپنی کیس کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو نیب کی جانب سے سوالنامہ بھی بھجوادیا گیا ہے۔نیب لاہور صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں 4 اعلیٰ افسران ناصر قادر بھدل، ڈاکٹر ظہیر الدین، محمد سلیم اور محمد مسعود اختر کو گرفتار کرچکی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ رواں برس 11 فروری کو سپریم کورٹ میں صاف پانی ازخود نوٹس کی سماعت میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ تین ہفتوں میں صاف پانی کی فراہمی اور واٹر ٹریٹمنٹ کا منصوبہ پیش کردیں گے۔