اندرون سندھ میں باپ نے پدری محبت کی شاندار مثال قائم کر دی

بیٹے کو بچانے کے لیے باپ نے بھڑکتی آگ میں چھلانگ لگا دی ،دونوں باپ بیٹا زندہ جل گئے

جمعرات 10 مئی 2018 23:41

مبارک پور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء): اندرون سندھ میں باپ نے پدری محبت کی شاندار مثال قائم کر دی۔ بیٹے کو بچانے کے لیے باپ نے بھڑکتی آگ میں چھلانگ لگا دی ،دونوں باپ بیٹا زندہ جل گئے۔تفصیلات کے مطابق ہمارے معاشرے میں جب بھی محبت اور شفقت کی مثال دیتے ہیں تو صرف ایک ہی رشتے کا نام ہمارے سامنے آتا ہے اور وہ رشتہ ماں اور بچے کا رشتہ ہے۔

بسا اوقات ہم ماں کی محبت میں اس قدر بڑھ بھی جاتے ہیں کہ باپ جیسے عظیم اور شفیق رشتے کو نظر انداز کر دیتے ہیں ۔یہ بات ضرور ہے کہ ماں جیسا عظیم رشتہ ڈھونڈے نہیں ملتا مگر ہمیں باپ کی محبت و شفقت کی قدر بھی کرنی چاہیے جس کی محنت و مشقت ہماری تمام خواہشات پوری کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوتی ہیں ۔

(جاری ہے)

بسا اوقات باپ اولاد کی محبت میں ایسا قدم اٹھانے پر بھی تیار ہو جاتا ہے جو انسانی عقل سے بالا تر ہے۔

ایسا ہی ایک واقعہ اندرون سندھ میں پیش آیا جہاں مبارک پور کے گاوں رانجھا پور میں باپ نے پدری محبت کی شاندار مثال قائم کر دی۔عبدالحکیم کے گھر میں کھانا پکانے کے دوران آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا ،جس پ وہاں گھر میں موجود تمام لوگوں نے گھر سے بھاگ کر اپنی جان بچائی لیکن عبدالحکیم کا 4 سالہ بیٹے اشفاق آگ میں گھر گیا جس کو بچانے کے لیے عبدالحکیم نے آگ میں چھلانگ لگا ڈالی لیکن نہ باپ بچ سکا نہ بیٹا ۔

فائر برگیڈ نے پہنچ کر آگ بجھائی تو دونوں باپ بیٹے کی لاشیں جلی ہوئی حالت میں ایک دوسرے سے لپٹی ہوئی تھیں۔باپ بیٹے کی لاش برآمد ہوئی تو علاقے میں کہرام مچ گیا اور اس دلسوز موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی ۔عبدالحکیم کے اہلخانہ اس موقع پر دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :