صومالیہ،الشباب نے 11 شوہر رکھنے والی بیوی کو سنگسار کر کے ہلاک کر دیا

شکری عبداللہی وارسیم نامی خاتون پرسابقہ خاوندوں کو طلاق دیے بغیر 11 شادیاں کرنے کا الزام عائدتھا

جمعرات 10 مئی 2018 19:55

موغا دیشو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء)صومالیہ میںشدت پسند تنظیم الشباب نے 11 شوہر رکھنے والی بیوی کو سنگسار کر کے ہلاک کر دیا،شکری عبداللہی وارسیم نامی خاتون پر اپنے سابقہ خاوندوں کو طلاق دیے بغیر 11 شادیاں کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق صومالیہ میں سرگرم شدت پسند تنظیم الشباب نے 11 شوہروں کی بیوی کو سنگسار کر دیا ، شکری عبداللہی وارسیم نامی خاتون پر اپنے سابقہ خاوندوں کو طلاق دیے بغیر 11 شادیاں کرنے کا الزام تھا۔

صومالیہ میں شدت پسند تنظیم الشباب نے کہا ہے کہ ان کی ایک عدالت نے ایک خاتون کو متعدد شوہر رکھنے کے الزام میں سنگسار کر دیا۔شکری عبداللہی وارسیم نامی خاتون پر اپنے سابقہ خاوندوں کو طلاق دیے بغیر 11 شادیاں کرنے کا الزام تھا۔

(جاری ہے)

صومالیہ کے جنوبی قصبے کے رہائشیوں نے کہا کہ الشباب کے جنگجوئوں نے خاتون کو ایک گڑھے میں گردن تک دفن کرنے کے بعد اسے پتھر مار کر ہلاک کر دیا۔

خیال رہے کہ شدت پسند تنظیم الشباب شرعی قانون کی سخت تشریح کرتی ہے۔صومالیہ کا بڑا علاقہ الشباب کے زیرِ کنٹرول ہے اور یہ تنظیم دارالحکومت موغادیشو میں قائم مرکزی حکومت کو ختم کرنے کے لیے اکثر حملے کرتی رہتی ہے۔ الشباب صومالیہ میں مغرب نواز حکومت کا تختہ الٹ کر شریعت کا نفاذ کرنا چاہتی ہے۔لوئر شیلیل کے گورنر ممحد ابو اسامہ نے غیرملکی خبر رساں ادارے کو بتایا شکری عبداللہی اور اس کے قانونی شوہر سمیت نو دیگر شوہروں کو عدالت میں لایا گیا تھا اور ان میں سے ہر ایک نے کہا کہ وہ اس کی بیوی ہے۔

اسلامی قانون کے تحت ایک خاتون کے ایک سے زیادہ شوہر ہونا غیر قانونی ہے تاہم مردوں کو چار بیویاں رکھنے کی اجازت ہے۔الشباب کی نیوز سائٹ کے مطابق جب شکری عبداللہی کو دارالحکومت موغادیشو کے جنوب مغرب میں واقع عدالت میں پیش کیا گیا تو وہ صحت مند تھیں، انھیں ان الزامات پر مجرم قرار دیا گیا۔ صومالیہ میں طلاقیں عام ہیں لیکن اس معاملے کی تفصیلات غیر معمولی ہیں۔