سابق ایم این اے کو شہریوں سے غبن اور لوٹ مار پر پارٹی سے نکالا جائے،

راولپنڈی اسلام آباد مروت سوسائٹی کا پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان سے مطالبہ نیشنل پریس کلب میں متاثرہ شہری عبدالعزیز کا سابق ایم این اے چوہدری اعجاز پر کروڑو ں روپے بٹورنے کا الزام

جمعہ 11 مئی 2018 23:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 11 مئی 2018ء)راولپنڈی اسلام آباد مروت سوسائٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق ایم این اے چوہدری اعجاز احمد کو شہریوں سے غبن اور لوٹ مار پر پارٹی سے نکالا جائے ۔متاثرہ شہری مولانا عبدالعزیز نے چوہدری اعجاز احمد پر کروڑو روپے بٹورنے کا الزام عائد کرتے ہوئے حکام بالا سے دادرسی کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد مروت سوسائٹی کے چیئر مین سمیع اللہ مروت ،حاجی سلمان ولی اور مولانا عبدالعزیز نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی ۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق ایم این اے چوہدری اعجاز احمد کی طرف سے کی جانے والی زیادتی کے حوالے سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

متاثرہ مولانا عبدالعزیز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچھلے تیس سال سے عرب میں مقیم تھے دو سال قبل پاکستان واپسی پر وہ مکان خریداری کے سلسلے میں چوہدری اعجاز کے چھوڑے ہوئے چند دھوکہ بازافراد کے ہتھے چڑھ گئے ۔

ان افراد نے ان کو ایک مکان دکھایا اور بتایا کہ یہ مکان چوہدری اعجاز احمد کا ہے چوہدری اعجاز کو پیسوں کی ضرورت ہے اس لیے وہ یہ مکان فوری طور پر بیچنا چاہتے ہیں لہٰذا ان لوگوںنے مجھ سے مکان کی کل قیمت 1 کروڑ 13 لاکھ میں سے 93 لاکھ نقد لے کر اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ 1 ماہ میں مکان کے کاغذات آپکے نام منتقل کر دیے جائیں گے اور مکان کا قبضہ مجھے دے دیا۔

1 ماہ گزرنے پر جب میں نے ان سے رابطہ کیا تو چوہدری اعجاز اور اس کے اسلحہ بردار لوگوں نے مجھے دھمکیا ں دی اور اپنا منہ بند رکھنے کیلئے خبردار کیا ۔تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ یہ مکان چوہدری اعجاز کا نہیں ہے ۔ چوہدری اعجاز کو پیسے دیے پچیس ماہ گزر گئے ہیں نہ وہ میرے پیسے مجھے واپس دے رہے ہیںنہ مکان کے کاغذات ۔انہوں نے کہا کہ میری چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ وہ میرے اس واقع کا نوٹس لیں اور مجھے انصاف دلوائیں ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مروت سوسائٹی سمیع اللہ نے کہا کہ چوہدری اعجاز احمد کی طرف سے کی جانے والی زیادتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری اعجاز احمد نے پاکستان کے دارلحکومت میں ظلم کا بازار گرم کیا ہوا ہے ۔ہم مولانا عبدالعزیز کو انصاف دلوانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ضرورت پڑنے پر احتجاج کیا جائے گا اور یہ احتجاج اس وقت تک ختم نہیں ہو جاتا جب تک مولانا عبدالعزیز کو اس کا حق واپس نہیں دلوایا جاتا ۔

چوہدری اعجاز احمد کے پڑوسی حاجی سلمان ولی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری اعجاز احمد پاکستان تحریک انصاف کا رہنما و سابق رکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری اعجاز احمد نے اسلام آباد میں سی ڈی اے کی 6 کنال کی زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے جس میں سی ڈی اے کے بھی چند افسران ملوث ہیں۔