جی ایچ کیو میں آرمی چیف کی زیر صدارت پاک فوج کے تمام جرنیلوں کی اہم ترین کانفرنس

جمعہ 11 مئی 2018 21:36

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 11 مئی 2018ء) جی ایچ کیو میں آرمی چیف کی زیر صدارت پاک فوج کے تمام جرنیلوں کی اہم ترین کانفرنس کا انعقاد ہوا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت اہم ترین کانفرنس کا انعقاد ہوا۔

کانفرنس میں پاک فوج کے تمام جرنیلوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کی زیر صدارت پاک فوج کے تمام جرنیلوں کے اجلاس میں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران آپریشن ردالفساد کی کارگردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس کے دوران شرکاء کو جیو اسٹریٹیجک اور  سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ شرکاء کو ملکی سلامتی کو اس وقت درپیش خطرات اور ان کی جوابی تیاریوں سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان پڑوسی ممالک سے پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ جبکہ پاک فوج ملکی اداروں کے تعاون سے عوام کی خدمت کے عمل کو جاری رکھے گی۔