ملک کے آئندہ نگران وزیراعظم کا نام سامنے آگیا

ہفتہ 12 مئی 2018 00:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 11 مئی 2018ء) ملک کے آئندہ نگران وزیراعظم کا نام سامنے آگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نگران وزیراعظم کے لیے ایک ایسے نئے نام پر متفق ہوگئے ہیں جو کہ اب تک دونوں کے درمیان ہونے والی پانچ سے زائدآن اور آف دی ریکارڈ ملاقاتوں میں زیر بحث نہیں آیا تھا۔

دونوں رہنماوں کو امید ہے کہ اس نام پر تحریک انصاف بھی کوئی اعتراض نہیں کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کا اس بات پر اتفاق بھی برقرار ہے کہ نگران وزیراعظم کا معاملہ الیکشن کمیشن نہیں جائے گا ۔ گو کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اس نام سے متعلق بتانے سے گریزاں ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان ان مضبوط ترین امیدواروں میں سر فہرست آگئے ہیں جو کہ نگران وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار ہیں اور اس طرح کا ایک اور نام بھی گردش میں ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کیلئے وزیرعظم شاہد خاقان عباسی سے ہونے والی مشاورت میں چھ ناموں پر غورکیا گیا جن میں سے ایک نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے جس کا اعلان 15 مئی تک کردینگے ، خورشید شاہ نے کا کہنا ہے کہ جس نام پر اتفاق کیا گیا وہ دل میں محفوظ ہے ، وہ بہت اچھا رازداں ہیں کتنے بھی سوال کر لیں نام نہیں بتائیں گے کیوں کہ نگراں وزیراعظم کا نام سامنے آنے پر اس شخصیت کا تیاپانچہ کردیا جاتا ہے۔

خورشید شاہ نے نگراں وزیراعظم کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے کہاکہ نگران وزیراعظم ایک اچھے منتظم ہیں اورسب کیلئے قابل قبول ہوں گے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک جن ناموں پر مشاورت کی گئی ہے ان میں جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی، ڈاکٹر عشرت حسین، شمشاد اختر، رزاق داؤد اور حبیب بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد اورنگزیب سمیت اقوام متحدہ میں پاکستان کی مندوب ملیحہ لودھی شامل ہیں۔ ذرائع کا اصرار ہے کہ ملیحہ لودھی کو بھی اس عہدے کے لیے ایک مضبوط ترین امیدوار سمجھا جا رہا ہے ۔ ممکنہ طور پر ملیحہ لودھی ہی پاکستان کی اگلی نگران وزیراعظم ہوں گی۔