ایک حلقے سے الیکشن لڑیں گے یا تین حلقوں سے، چوہدری نثار نے حتمی اعلان کردیا

چوہدری نثار کا ٹیکسلا واہ سے قومی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ ٹیکسلا واہ کی عوام کے ساتھ انکا گہرا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا، ان کی خواہشات کے مدنظر وہ قومی اسمبلی کی نشست پر این اے 63سے الیکشن میں حصہ لیں گے،سابق وزیرداخلہ

ہفتہ 12 مئی 2018 21:54

ٹیکسلا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 12 مئی 2018ء) نئی انتخابی حلقہ بندیوں کی تشکیل کے نتیجے میں حلقہ علیحدہ ہونے کے باوجود چوہدری نثار علی خان نے ٹیکسلا واہ سے قومی اسمبلی کی نشست این ای63 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ انہوں نے این اے 63میں شامل یونین کونسلز کے چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں،علاقہ معززین اور اکابرین پر مشتمل ایک مشاورتی اجلاس کے بعد کیا جو بعد ازاں ایک کثیر التعداد عوامی اجتماع میں تبدیل ہوگیا۔

مشاورتی اجلاس میں شامل اراکین نے یک زبان ہو کر نہایت جذباتی انداز میں چوہدری نثار علی خان سے اپیل کی کہ باوجود اس کے کہ نئی حلقہ بندیوں کے نتیجے میں ان کا علاقہ چوہدری نثار علی خان کے حلقے سے علیحدہ کر دیا گیا ہے تاہم وہ ٹیکسلا واہ کی عوام کے جذبات اور خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے این اے 63 سے الیکشن میں حصہ لیں اور اس علاقے سے انکی نمائندگی کریں۔

(جاری ہے)

وفد نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان کی چونتیس برس پر محیط اصولی سیاست علاقے کے عوام کے لئے باعثِ افتخار ہے اور انکی قیادت کا کوئی نعم البدل نہیں۔ٹیکسلا واہ کا منتخب نمائندہ نہ ہونے کے باوجود بھی گذشتہ پانچ سالوں میں چوہدری نثار علی خان نے اس علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے جو مثالی خدمات سر انجام دی ہیں وہ کسی تعارف کی محتاج نہیں۔

عوام الناس کی بنیادی ضروریات سے متعلقہ اربوں رو پے کے ترقیاتی منصوبوں سے لیکر ٹیکسلا واہ کے محنت کشوں اور مزدورں کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں چوہدری نثار علی خان جو کردار ادا کرتے رہے ہیں اس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ وفد کی جانب سے بھرپور اصرار کیا گیا کہ چوہدری نثار علی خان ٹیکسلا واہ سے ایک قومی اور ایک صوبائی نشست پر الیکشن میں حصہ لیں۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وہ اس علاقے کے عوام کے جذبات اور ان کے احساسات کی قدر کرتے ہیں اور انکے اعتماد پر نہ صرف بے حد شکر گزار ہیں بلکہ وہ اسے اپنا اثاثہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا واہ کی عوام کے ساتھ انکا گہرا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔ اس علاقے کی عوام کی ان کو جو عزت دی ہے وہ ہمیشہ اس کے لئے مشکور رہیں گے اور اپنی استطاعت کے مطابق اس علاقے کی خدمت جاری رکھیں گے۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ٹیکسلا واہ جیسے تاریخی مقام اور اس میں بسنے والے غیور عوام کی نمائندگی کرنا یقینا ان کے لئے بھی باعث فخر ہوگا تاہم ان کے لیے اس حلقے سے بیک وقت قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن لڑنا مشکل ہوگا کیونکہ وہ پہلے ہی ایک قومی اور دو صوبائی نشستوں سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خواہشات کے مدنظروہ قومی اسمبلی کی نشست پر این اے 63سے الیکشن میں حصہ لیں گے لیکن صوبائی نشست کے حوالے سے وہ فی الوقت کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے۔

اجلاس کے شرکا کی جانب سے چوہدری نثار علی خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین دہانی کا اعادہ کیا گیا کہ ٹیکسلا واہ کی عوام آئندہ الیکشن میں چوہدری نثار علی خان کو ریکارڈ کامیابی سے ہمکنار کرائے گی۔