پرندہ ٹکرانے کے باعث پرواز کے تاخیر کا شکار ہونے پر حکومتی رکن قومی اسمبلی کاانوکھا احتجاج ،مستعفی ہو کر اپنی پارٹی بنانے کا اعلان

ہم اسی طرح ذلیل ہوتے رہیں گے،جب پیرس جارہا تھا تب بھی یہی واقعہ ہوا تھا ،رکن اسمبلی کی احتجاجی بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ہفتہ 12 مئی 2018 21:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 12 مئی 2018ء)پرندہ ٹکرانے کے باعث قومی ائیر لائن کی پرواز کے تاخیر کا شکار ہونے پر حکمران جماعت کے فاٹا سے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان نے انوکھا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے پارٹی سے مستعفی ہو کر اپنی پارٹی بنانے کا اعلان کر دیا، رکن قومی اسمبلی کی احتجاجی بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائنز کی پیرس سے اسلام آباد جانے والی پرواز کوخراب موسم کے باعث لاہور اتارنے کا فیصلہ کیا گیا اوردوران لینڈنگ بوئنگ 777سے پرندہ ٹکرا گیا ۔ موسم کی خرابی اور پرندہ ٹکرانے کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی جس پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا ۔ پیرس سے آنے والے جہازمیں (ن) لیگ کے فاٹا سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان بھی سوار تھے جو مسافروں کو طیارے سے نیچے اترنے سے روکتے رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کیا ہم اسی طرح ذلیل ہوتے رہیں گے،یہ ہماری حالت ہے ۔ میں رکن قومی اسمبلی اور میرا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے ۔ میرے لئے شرم کی بات ہے کہ میں یہ بتا رہا ہوں کہ میرا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے ۔میں جب پیرس جارہا تھا تب بھی یہی واقعہ ہوا تھا اور ٹی وی چینلز پر بریکنگ نیوز چلی تھی ۔آج بھی یہی حالت ہے ،لوگوں کے ساتھ کیا کیا ہو رہا ہے ، ہم ذلیل ہو رہے ہیں۔

کیپٹن صاحب تیس منٹ پہلے کہہ رہے تھے اسلام آباد کاموسم ٹھیک ہو رہا ہے ہم جارہے ہیں ۔ مجھے سائیڈ پر لے جا کر کہا آپ کو بتا رہے ہیں کہ انجن میں پرندے کا پر چلا گیا ہے ، یہ بھی کوئی بات ہے ،ہمیں ایک گھنٹہ پہلے بتا دیتے ، یہ بدمعاشی کر رہے ہیں ۔اس دوران خاتون سمیت مسافروں نے سوال کیا کہ آپ پھر (ن) لیگ کو چھوڑیں کیوں اس کے ساتھ وابستہ ہیں ۔جس پر رکن قومی اسمبلی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں میں (ن) لیگ کو چھوڑوں گا اور میں اپنی پارٹی بنا رہا ہوں۔