امریکہ میں معمر افراد میں گر کر ہلاک ہونے کی شرح میں 31 فیصد اضافہ

سبب ادویات کا مسلسل استعمال، بے دھیانی کے باعث برف پر سے پھسلنا ہے،طبی ماہرین

جمعہ 11 مئی 2018 13:57

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 11 مئی 2018ء)امریکہ میں بڑی عمر کے افراد میں گر کر ہلاک ہونے کے واقعات میں گزشتہ 10 برسوں کے دوران ایک تہائی کا اضافہ ہو گیا ہے جسے طبی ماہرین تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صحت سے متعلق عہدے داروں نے بتایا کہ ایسے افراد میں، جن کی عمریں 65 سال سے زیادہ ہیں، مختلف صورتوں میں گر کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2007 کے مقابلے میں 31 فی صد تک بڑھ چکی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں ہیں بڑی عمر کے لوگوں میں گرنے کی شرح کیوں بڑھ رہی ہے لیکن ان کا خیال ہے کہ اس کا سبب ادویات کا مسلسل استعمال، بے دھیانی میں سیڑھیاں چڑھنا ، یا بے احتیاطی کے باعث برف پر سے پھسلنا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر سے بڑی عمر کے افراد میں گرنے کے واقعات کم کیے جاسکتے ہیں، جس سے ان کے زخمی اور ہلاک ہو جانے کی شرح کم کی جا سکتی ہے۔

بیماریوں کے کنٹرول اور بچاؤ کے امریکی مرکز کی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سن 2007 میں گرنے سے ہلاک ہونے والے بڑی عمر کے افراد کی تعداد 18 ہزار کے لگ بھگ تھی جو سن 2016 میں بڑھ کر30 ہزار تک پہنچ گئی۔ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بڑی عمر کے افراد کی زیادہ تر تعداد دل اور شریانوں کے امراض سے بچنے کے لیے خون پتلا کرنے والی ادویات استعمال کرتے ہیں۔

گرنے کے نتیجے میں زخمی ہونے پر زیادہ تر واقعات میں زیادہ خون بہہ جانے سے وہ ہلاک ہو جاتے ہیں۔ماہرین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کو بڑی عمر کے افراد کے گرنے کے خطرے کا جائزہ لینا چاہیے اور اس سے بچنے کے لیے انہیں مشورے دینے چاہییں۔ ان کی دواؤں میں ردوبدل کرنا چاہیے۔ ان کی بینائی کو بہتری کے لیے اقدامات کیے جانے چاہیئں۔ انہیں ایسے جوتے پہننے کا مشورہ دینا چاہیے جو انہیں پھسلنے سے محفوظ رکھیں اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں ایسی ورزشوں کے بارے میں بتانا چاہیے جو ان کے اعصاب کو مضبوط بنائیں اور انہیں چاق و چوبند رکھیں۔

متعلقہ عنوان :