سپریم کورٹ نے میئر کراچی کو نالوں کی صفائی کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی

عدالت نے ٹینڈرز اور ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ کا معاملہ واٹر کمیشن کے سامنے بھیجنے کی بھی ہدایت کر دی

ہفتہ 12 مئی 2018 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 12 مئی 2018ء)سپریم کورٹ نے سندھ بھرمیں صاف پانی کی فراہمی و نکاسی سے متعلق کیس کی سماعت پر میئر کراچی کو نالوں کی صفائی کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی ۔ عدالت نے ٹینڈرز اور ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ کا معاملہ واٹر کمیشن کے سامنے بھیجنے کی بھی ہدایت کر دی ۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں صوبے میں صاف پانی کی فراہمی و نکاسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔

عدالت میں میئر کراچی وسیم اختر پیش ہوئے ۔ عدالت کا میئر کراچی وسیم اختر سے استفسار کیا کہ وسیم صاحب بتائیں ، کتنے نالے صاف ہو گئے ۔ ہمیں یہ بتائیں کہ کب آپ خوش خبری سنائیں گے کہ کراچی گندگی سے صاف ہو گیا ہے ۔ عدالتی استفسار پر میئر کراچی نے جواب دیا کہ کراچی میں 36 نالے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کی صفائی کا کام شروع ہو گیا ہے ۔ صفائی سے متعلق جامع پلان بھی بنا لیا گیا ہے ۔

15 روز میں پیش رفت بھی سامنے آئے گی ۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے میئر کراچی سے دوبارہ استفسار کیا کہ بارشیں آ رہی ہیں ۔ کراچی کا حال خراب نہیں ہونا چاہئے ۔ میئر صاحب ہمیں مل کر کام کرنا ہے ۔ صاف ستھرا ماحول ہر شہری کا حق ہے اور ہر کوئی اپنا حق ادا کرے اور خود کو قوم کی خدمت کے لیے وقف کر دے ۔ عدالت نے معاملے پر میئر کراچی کو نالوں کی صفائی کے لیے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی ۔