نواز شریف کے بیانیے میں صداقت ہے ،دن بدن مقبول ہو رہاہے ،جو بحران پیدا کیا گیا ہے اسکا حل بروقت اور شفاف انتخابات ہیں‘ سعدرفیق

ہمیں لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی جارہی ،دو تین مہینے سخت ہیں ،آج جو ایکدوسرے کیخلاف کھڑے ہیں ہم مل بیٹھیں گے اور آگے کا روڈ میپ بنائینگے مذہبی و سیاسی لیڈر اگر لوگوں کو اکسائیں گے تو معاملات بیگاڑ کی طرف جائیں گے،احسن اقبال قوم اور مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہیں وفاقی وزیر ریلویز کی سروسز ہسپتال میں زیر علاج وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 12 مئی 2018 20:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 12 مئی 2018ء)وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیانیے میں صداقت ہے اوراسی لئے یہ دن بدن مقبول ہو رہاہے ،جو بحران پیدا کیا گیا ہے اس کا حل بروقت اور شفاف انتخابات ہیں،ہمیں لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی جارہی جو ملنی چاہیے ،دو تین مہینے سخت ہیں ،بروقت اور شفاف انتخابات کے ذ ریعے ملک مشکلات سے نکلے گا،آج جو ایک دوسرے کے خلاف کھڑے ہیں ہم مل بیٹھیں گے اور آگے کا روڈ میپ بنائیں گے،مذہبی و سیاسی لیڈر اگر لوگوں کو اکسائیں گے تو معاملات بیگاڑ کی طرف جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سروسز ہسپتال میں زیر علاج وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق بھی موجود تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ احسن اقبال قوم اور مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہیں ،انہوں نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا،احسن اقبال دین اسلام کے حوالے سے سخت نظریہ رکھتے ہیں۔

احسن اقبال پر حملے کے دکھ کو سب نے محسوس کیا اور اسکی مذمت کی ہے۔ملک میں ایک مائنڈ سیٹ ہے اور یہ تیار کیا گیا ہے،احسن اقبال پر حملہ مائنڈ سیٹ ہے جو بدقسمتی سے پاکستان میں تیار کیا گیا ہے،مائنڈ سیٹ کسی کی بات سننے کو تیار نہیں ہے،مائنڈ سیٹ سمجھتا ہے کہ جو وہ کہہ رہے ہیں درست ہے،احسن اقبال پر حملے سے متعلق سکیورٹی ایجنسیز ہی بتا سکتی ہیں۔

اگر ایسے قد کے لوگوں پر حملے ہوں گے تو پھر محفوظ کون ہے ۔ہم تمام سیاسی جماعتوں اور علماء کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اس واقعہ کی مذمت کی لیکن اس کے لیے مستقل بنیادوں پر کام کی ضرورت ہے تاکہ پاکستاخ امن کا گہوارہ بن سکے۔ہمیں آپس میں برداشت کرنا چاہیے،ہمیں مل بیٹھنے کی صرورت ہے ،ہمارے کلچر میں ڈنڈوں ، لاٹھیوں کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت ملک کے حالات اچھے نہیں ہیں،سازش کرنے والے لوگوں نے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی بہت سے کامیاب کوششیں کی ہیں۔

سیاسی جماعتوںاور ریاستی ادارے کو اب سوچنا ہوگا،دھکم پیل و کھینچا تانی کی سیاست نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ دن بدن مقبول ہورہا ہے اور اس بیانیے میں صداقت ہے ۔ ہم نے کسی سے بدلہ اور انتقام نہیں لینا،ہماری پارٹی اور لیڈر شپ میچور سوچ رکھتی ہے ،ہم آئین اور قانون کے مطابق کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات ہی ملک کے مسائل کا حل ہے ،اللہ تعالی ہمیں آئندہ عام انتخابات میں کامیابی دے،ہم تمام سیاسی اداروں کو ایک پلیٹ فارم اکٹھا کریں گے۔

آج جو ایک دوسرے کے خلاف کھڑے ہیں وہ وقت آئے گا کہ ہم مل بیٹھیں گے اور آگے کا روڈ میپ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام ادارے ، پارلیمنٹ ، منتخب حکومت مل کر کام کریںگے تو ملک چلے گا اس میں میڈیا کو بھی شامل کرنا چاہیے اور میڈیا خود اپنا کوڈ آف کنڈکٹ بنائے ۔ انہوںنے کہا کہ کوئی سمجھتا ہے کہ (ن) لیگ ایسے ختم ہو جائے گی تو یہ اسکی غلط فہمی ہے۔

پیپلز پارٹی ختم نہیں ہو سکی جب تک زرداری صاحب نے آکر شعوری کوشش نہیںکی۔لوگ ہمیشہ زیادتی کا شکار ہونے والوں کے ساتھ ہوتے ہیں۔جو بحران پیدا کیا گیا ہے اس کا حل بروقت اور شفاف انتخابات ہیں۔ہماری سوچ ہے کہ سب مخالفین کو اکٹھا کریں اور قومی ایجنڈا بنائیں۔بروقت ،شفاف انتخابات سے لوگ فیصلہ کریں گے کہ اگلی حکومت کس کے پاس ہو گی۔