مودی تعلقات سنوارنے نیپال پہنچ گئے،900 میگاواٹ بجلی منصوبے کا افتتاح

نائب نیپالی وزیر اعظم اور وزیر دفاع ایشور پوخاریل نے جانک پورمودی کا استقبال ،پوجا کے لیے مندربھی جائیں گے

ہفتہ 12 مئی 2018 11:50

کھٹمنڈو (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 12 مئی 2018ء)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ہمسایہ ریاست نیپال پہنچ گئے ۔ ان کے اس دو دوزہ دورے کا مقصد اس ہمالیائی ریاست کے ساتھ تعلقات میں بہتری ہے جو اپنی تجارت اور سپلائی کے لیے زیادہ تر بھارت پر انحصار کرتی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق نیپال کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع ایشور پوخاریل نے جانک پور میں نریندر مودی کا استقبال کیا۔

جانک پور بھارتی سرحد کے قریب نیپال کا ایک تاریخی شہر ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ہندوؤں کے دیوتا رام کی اہلیہ سیتا کی جائے پیدائش ہے۔2014ء میں بھارت کا وزیر اعظم بننے کے بعد سے نریندر مودی کا نیپال کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ ان کے اس دورے سے ایک ماہ قبل نیپالی وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے بھارت کا دورہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

روایتی طور پر نیپال کا وزیراعظم اپنا پہلا دورہ بھارت کا ہی کرتا ہے۔

مودی پوجا کے لیے جانک پور میں قائم جانکی مندر بھی جائیں گے۔ ان کے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ اس کا مقصد بھارتی ہندوؤں کو خوش کرنے کی کوشش ہے۔ بھارت میں عام انتخابات آئندہ برس منعقد ہونا ہیں۔مودی اور نیپالی وزیراعظم اولی مشترکہ طور پر 900 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل اٴْس ہائیڈرو پاور پلانٹ کی تعمیر کا افتتاح کریں گے جس کے لیے سرمایہ بھارت نے فراہم کی ہے۔کھٹمنڈو اور جانک پور کی شہری انتظامیہ کی طرف سے بھی بھارتی وزیر اعظم کے استقبال کے لیے عوامی تقریبات کا انتظام کیا گیا ۔