نجیب رزاق انتخابات میں شکست کے بعد اپنی جماعت کی قیادت سے دستبردار

سابق نائب وزیراعظم احمد زاہد حمیدی اٴْمنو کے نئے صدر کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھالیں گے،پریس کانفرنس

اتوار 13 مئی 2018 12:40

کوالالمپور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 13 مئی 2018ء)ملائشیا کے شکست خوردہ رہ نما اور سابق وزیراعظم نجیب رزاق نے اپنی جماعت اٴْمنو (یونائیٹڈ مالے نیشنل آرگنائزیشن ) اور بیرسان قومی اتحاد کی قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نجیب رزاق کی جماعت کو ملائشیا میں منعقدہ عام انتخابات میں بدترین شکست سے دوچار ہونا پڑا ،انھوں نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ میں نے اٴْمنو کے صدر اور بیرسان نیشنل اتحاد کے چئیرمین کا عہدہ فوری طور پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر جماعت کو عام انتخابات میں شکست ہوئی ہے تو اس کے لیڈر کی یہ اخلاقی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے عہدے سے دستبردار ہوجائے۔اس لیے اس اصول کی بنا پر میں نے دونوں عہدے چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔نجیب رزاق نے یہ بھی اعلان کیا کہ اب سابق نائب وزیراعظم احمد زاہد حمیدی اٴْمنو کے صدر کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھالیں گے۔