اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ 3 سے 4 روز تک جاری رہنے کا امکان

کراچی میں موسم گرم رہنے کا امکان

ہفتہ 12 مئی 2018 23:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 12 مئی 2018ء) دارالحکومت اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور فاٹا کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ،اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ 3 سے 4 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ 3 سے 4 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش بوکرہ میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی صبح سویرے سیاہ بادل چھا گئے، جس کے بعد تیز ہوائیں چلیں اور بوندا باندی کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔لاہور کے علاقوں ڈیوس روڈ، مال روڈ، گڑھی شاہو، دھرم پورہ کے علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا سلسہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

چکوال شہر اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم سہانا ہوگیا۔

جہلم، مری اور گرد و نواح میں بھی کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ منڈی بہائ الدین سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے، تاہم پنجاب کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔خیبرپختونخوا میں سوات، مانسہرہ، صوابی، نوشہرہ، ایبٹ آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

وادی سوات اور گردونواح میں بھی بارش اور ڑالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جب کہ محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں مزید ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔دوسری جانب خاران، نوشکی، چاغی، نوکنڈی، دالبندین اور قلات سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ڑوب اور قلات ڈویڑن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج صبح ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 16، خضدار میں 21، بارکھان اور پنجگور میں 23، سبی اور لسبیلہ میں 26، گوادر اور پسنی میں 27، دالبندین اور ڑوب میں 22 جب کہ تربت میں 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ کراچی اور سندھ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے جس سے شہری پریشان ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سی37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کاامکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔