ن لیگی ایم پی اے اصغر منڈا کا مسلم لیگ ن کوخیرباد کہنے کا اعلان

مشیروزیراعلیٰ کے عہدے سے بھی مستعفی ،آئندہ عام انتخابات میں آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا،رکن اسمبلی اصغرمنڈاکی میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 مئی 2018 14:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 13 مئی 2018ء): مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی اصغر منڈا نے مسلم لیگ ن کوخیرباد کہنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا، مشیروزیراعلیٰ کے عہدے سے بھی مستعفی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنماء اور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب اصغرمنڈا نے عہدے استعفے دے دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگی رہوں گا تاہم صرف مسلم لیگ ن کوچھوڑ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سمیت کسی جماعت میں شامل نہیں ہوں گا۔انہوں نے مریدکے میں آرائیں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کے ایم این اے رانا تنویرحسین کے رویے کے باعث پارٹی کوچھوڑ رہا ہوں۔ رکن پنجاب اسمبلی اصغرمنڈا نے کہا کہ پہلے بھی آزاد الیکشن لڑکررانا تنویر گروپ کوہرایا آئندہ بھی ہراؤں گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے آئندہ الیکشن 2018ء کے پیش نظر ہوا کا رخ دیکھ کرمسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں سے سیاسی پرندے من پسند جماعتوں کی ٹہنیوں پربیٹھنا شروع ہوگئے ہیں۔تحریک انصاف کوآئندہ الیکشن کیلئے فیورٹ جماعت قرار دیا جارہا ہے۔ جس کے باعث مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور ق لیگ اور عوامی نیشنل پارٹی سے متعدد رہنماؤں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

ن لیگ سے جانے والے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماؤں نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ تاہم گزشتہ روز ملتان میں سینئر رہنماء جاوید ہاشمی نے ایک بار پھر نوازشریف کی قیادت پراظہار اطمینان کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں اولاد کووصیت کی ہے کہ مجھے مسلم لیگ ن کے جھنڈے میں دفن کرنا، نوازشریف ہی میرے لیڈر ہیں اور رہیں گے۔ میں مسلم لیگ ن سے کبھی باہر گیا ہی نہیں جوواپس آؤں گا۔