امریکہ کی اپنے سفارتکار کرنل جوزف کی رہائی کیلئے سر توڑ کوششیں

بہت جلد تمام تر معاملات افہام تفہیم سے حل اور پاک امریکہ تعلقات بہتر ہوجائیں گے،ترجمان امریکی سفارتخانہ

اتوار 13 مئی 2018 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 13 مئی 2018ء) امریکہ پاکستان میں اپنے سفارتکار کرنل جوزف کی رہائی کیلئے سر توڑ کوششیں کرنے میں مصروف ہے ، امریکی سفارتخانہ کے ترجمان رچرڈ سنیلسری نے دعوی کیا ہے کہ بہت جلد اس حوالے سے تمام تر معاملات افہام تفہیم سے حل کرلیے جائیںگے جبکہ پاکستان اورامریکہ کے مابین تعلقات بھی جلد معمول کے مطابق بہتر ہوجائیں گے۔

آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان امریکی سفا رتخانہ نے کہا کہ ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو امریکہ روانگی سے روکنے کے باوجود ہم پرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات بہتر ہوجائیں گے۔ دونوں ممالک کے مابین بات چیت جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ، اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان اہم عہدیداروں کے مابین رابطے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

کرنل جوزف کو ویانا کنونشن کے تحت استثنیٰ حاصل ہے لہذا اسے پاکستانی قوانین کے تحت سزا نہیں دی جاسکتی۔ امریکہ میں پاکستانی سفارتکاروں پر سفری پابندیوںکے بارے میں ترجمان نے ایک سوال پر جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ اس معاملے میں دونوں حکومتوںکے نمائندوں کے مابین بات چیت جاری ہے۔ لہذا قبل ازوقت کچھ نہیں کہہ سکتے۔ البتہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کی جانب سے کیا گیا ہے۔ کرنل جوزف کے معاملے کی وجہ سے دوطرفہ سفارتی تعلقات سے کوئی فرق نہیں پڑا۔ ۔ شمیم محمود

متعلقہ عنوان :