ایک اخبار نے نوازشریف کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا،نان سٹیٹ ایکٹرز کو پاکستان سے جانے دینے کی وہ بات کرہی نہیں سکتے‘شہبازشریف

بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کا خون بہارہا ہے ،روزانہ درجنوں جنازے اٹھ رہے ہیں اورماؤں بیٹیوں کی عصمت دری ہورہی ہے مودی کے حکم پر بھارتی فوج کشمیر پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھارہی ہے اوربھارت بلوچستان میں بھی گڑبڑھ کرنے کی کوشش کررہا ہے پاک فوج دنیا کی عظیم فوج اورپاکستانی عظیم قوم ہیں،اگر ہندوستان نے میلی آنکھ سے دیکھا تو آنکھیں نکال کرپاؤں تلے روند دی جائیگی گزشتہ 10سالوں سے زرداری سندھ پر حکومت کررہے ہیں لیکن سندھ کی حالت نہیں بدلی،موقع ملاتو سندھ کی تقدیر بدل دوںگا‘سندھ کے کسانوں اورہاریوں کا بے حد احترام ہے،سندھ کے ساتھی کالا باغ ڈیم نہیں چاہتے تو یہ نہیں بنے گا‘وزیراعلیٰ پنجاب کا سندھڑی میں جلسہ عام سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 20:31

لاہور/میر پور خاص(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 13 مئی 2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدراوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایک اخبار نے محمد نواز شریف کے انٹرویو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا،جس میں کہا گیا کہ نان سٹیٹ ایکٹرزکوپاکستان سے جانے دیاگیا ہے ۔محمد نوازشریف اس طرح کی بات کرہی نہیں سکتے ۔پاکستان کی حکومت فوج اورعوام کبھی اس بات کی اجازت نہیں دے سکتے کہ پاک دھرتی کسی ملک کیخلاف استعمال ہوجبکہ دوسری جانب بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کا خون بہارہا ہے ۔

روزانہ درجنوں جنازے اٹھ رہے ہیں اورماؤں بیٹیوں کی عصمت دری ہورہی ہے ۔مودی کے حکم پر بھارتی فوج کشمیر میں ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے اور بھارت بلوچستان میں بھی گڑ بڑکرنے کی کوشش کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

سمجھوتہ ایکسپر یس میں بھارت کے ایک حاضر سروس کرنل نے مسلمانوں کو شہید کرایا۔بھارت افغانسان میں بیٹھ پاکستان کیخلاف سازشیں کررہا ہے۔پاک فوج دنیا کی عظیم فوج اورپاکستانی قوم ایک عظیم قوم ہے۔

اگر ہندوستان نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو یہ فوج اورقوم ان کی آنکھیں نکال کر پاؤں تلے روند دے گی۔پاکستان کے دفاع اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسران سے لیکر عام شہریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ سندھ ،پنجاب ،خیبر پختونخواہ ،بلوچستان اورگلگت بلتستان سے ملکر پاکستان بنتا ہے ۔پاکستان کی تمام اکائیاں خوشحال ہوںگی تبھی پاکستان خوشحال ہوگا۔

سندھ خوشحال نہیں تو پاکستان بھی خوشحال نہیں ۔ گزشتہ 10سالوں سے زرداری سندھ پر حکومت کررہے ہیں لیکن سندھ کی وہی حالت ہے جو پہلے تھی۔اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو آئندہ پانچ سالوں میں سندھ کی تقدیر بدل دوں گااورسندھ کو پاکستان کا سب سے خوشحال صوبہ بناؤں گا۔انہوںنے کہا کہ سندھ کو پنجاب اور کراچی کو ترقی کے لحاظ سے لاہور بنادیںگے۔جسم میں خون کے آخری قطرے تک سندھ کو خوشحال بنانے کی جدوجہد کرتے رہیںگے اورکراچی تا کشمور کے علاقوں کو پنجاب بنانے تک اپنی جان لڑا دیںگے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار میر پور خاص کے علاقے سندھڑی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آج بہت عرصے بعد سندھڑی حاضر ہوا ہوں۔پہلی مرتبہ اس وقت آیا تھا جب سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو انتقال کرگئے۔میں اور محمد نوازشریف ان کے جنازے میں شرکت کیلئے حاضر ہوئے تھے ۔

محمد خان جونیجو ایک شریف اورنفیس انسان تھے اورعظیم پاکستانی تھے،اب ان کے صاحبزادے اسد جونیجو سینیٹر ہیں۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ دوہفتوں میں میں دوسری مرتبہ سندھ آیا ہوں ۔خادم اعلی تو پنجاب کا ہوں لیکن میں پاکستان اورسندھ سے محبت کرنے والا ہوں ۔انہوںنے کہاکہ اگرچہ ذوالفقار علی بھٹواوربے نظیر بھٹو عظیم لیڈر تھیں،لیکن زرداری نے سندھ کو لوٹا اوربرباد کیا ہے اوریہاں سے لوٹا ہوا پیسہ پاکستان سے باہر لے گیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ آپ پر بہت ظلم ہوا ہے اوراگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو سندھ کی تقدیر بدل دیںگے ۔انہوںنے کہا کہ پانی کے مسئلے پر لوگ غلط بیانی اورجھوٹ بول رہے ہیں،جتنا پانی چاروں صوبوں کا حق ہے انہیں اس کے مطابق مل رہا ہے ۔ پانی کی چوری خود کرتے ہیں لیکن الزام حکومت پاکستان پر لگا دیتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں سندھ کے کسانوں اور ہاریوں کا بے حد احترام ہیں اوران سے دلی لگاؤ ہے۔

اگر سندھ کے ساتھی کالا باغ ڈیم نہیں چاہتے تو یہ نہیں بنے گا۔ سندھیوں کی محبت اور احترام میں کالا باغ ڈیم کو سو دفعہ قربان کردیںگے۔میں یہ باتیں دل سے کررہا ہوں اورسندھیوں کو انکا حق دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھانہیں رکھیںگے۔انہوںنے کہا کہ پچھلے دس سالوں سے زرداری سندھ میں اورمسلم لیگ(ن) پنجاب میں حکومت کررہی ہے ،ہم نے وسائل ایمانداری سے پنجاب کی ترقی اورعوام کی خوشحالی پر نچھاور کیے ہیں ۔

چھوٹے کاشتکاروں کو سستی کھاد اوربلا سود قرضے فراہم کیے ہیں ۔نوجوانوں کو باعزت روزگار کیلئے 40ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے ہیں جن سے 1کروڑ20لاکھ افراد مستفید ہوئے ہیں۔وسائل سے محروم گھرانوں کے ہونہار بچے اوربچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈکے ذریعے وظائف دیئے جارہے ہیں ۔گزشتہ 10سالوں میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد بچے اوربچیوں کو یہ وظائف دیئے گئے ہیں۔

صوبے کے دوردراز علاقوں میں دانش سکول قائم کیے ہیں جہاںغریب ترین گھرانوں اورخاک آلو د گلیوں کے بچے اوربچیوں کو تعلیم اورقیام و طعام کی سہولتیں مفت دی جارہی ہیں اور ان دانش کدو ں سے ہزاروں بچے اوربچیاں انجینئرز اورڈاکٹرز بن کر ملک و قوم کی خدمت کررہے ہیں ۔سندھ میں گنے کا کسان مارا مارا پھرتا رہااسے اس کی محنت کا معاوضہ بھی نہیں ملاجبکہ ہم نے چھوٹے کسانوں کی خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں ۔

پنجاب حکومت کے تعلیمی اوردیگر فلاحی پروگراموں کی بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں پاکستان کی تمام اکائیوں کو شامل کیاگیا ہے جس سے قومی یکجہتی کو فروغ ملا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب کے دیہاتوں میں سو ارب روپے کی لاگت سے 8ہزار کلو میٹر سڑکیں بنائی گئی ہیں،سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات دی جارہی ہیںاورصوبے کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کی جارہی ہیں جہاں مریضوں کو 24گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت مل رہی ہے ۔

درجنوں موبائل ہسپتال صوبے کے دوردراز علاقوں میں عوام کو معیاری طبی سہولتیں ان کے گھروں کی دہلیز پر پہنچا رہے ہیں ۔ہیپاٹائٹس کے علاج کیلئے صوبے بھر میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کا جال بچھا دیاگیا ہے ۔سندھ میں گزشتہ 10سالوں سے زرداری کی حکومت ہے لیکن اس نے سندھ کے عوام کی ترقی اورانہیں سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایسا کوئی منصوبہ نہیں لگایا،سندھ کا ہاری تباہ ہوااورزرداری خوشحال ہوگیا۔

سندھ ،پنجاب ،کے پی کے اوربلوچستان قائداعظم کی قیادت میں عظیم تحریک کے نتیجے میں اس لئے نہیں بنے تھے کہ ہاری بے حال اورزرداری خوشحال ہوجائے۔انہوںنے کہا کہ میں پنجاب کا خادم اعلی ہوں لیکن سندھ اورسندھڑی والوں سے دل کی گہرائیوں سے محبت کرتاہوں۔آپ عظیم پاکستانی ہیں اورآپ پر جو ظلم و ستم ہورہا ہے یہ آپ کا نصیب نہ تھا،اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو سندھ کے حالات بدلیںگے۔

وسائل کی کوئی کمی نہیں ،میر اوعدہ ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں چاروں صوبوں کے مقابلے میں سندھ کو سب سے زیادہ خوشحال بنائیںگے۔سندھ کے ہر ضلع میں دانش سکول اورنیا ہسپتا ل بنائیں گے ،ہاریوں کو بلا سود قرضے دیںگے۔ انہوںنے کہاکہ آپ کے بزرگوں نے اس دھرتی پر جو احسان کیا اب اسے چکانے کا وقت آگیاہے،ملکر صوفیوں کی اس دھرتی کو عظیم بنائیںگے۔

مسلم لیگ(ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ اورسینیٹر اسد جونیجو نے بھی جلسے سے خطاب کیا ۔قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی سندھڑی میں جونیجوہاؤس گئے۔جہاں ان سے پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ،سینیٹر اسد جونیجو،اشتیاق بیگ اوردیگر رہنماؤں نے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اندرون سندھ کے شہر میر پور خاص آکر بے حد خوشی ہوئی ہے اورکارکنوں کاجوش اور ولولہ دیدنی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی ترقی سندھ سے منسلک ہے ۔ سندھ آگے بڑھے گا تو پاکستان بھی آگے بڑھے گا۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے جونیجو ہاؤس میں مختلف وفود نے بھی ملاقاتیں کیں اورمحمد شہبازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔وفود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٓآپ نے جس طرح پنجاب کو ترقی یافتہ بنایا ہے ، امید ہے الیکشن جیت کر سندھ کو بھی ترقی دیںگے۔

سندھ کو سب سے زیادہ پنجاب سپیڈ کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب کی ترقی دیکھ کر ہمارا دل خوش ہوتا ہے ۔کاش سندھ میں بھی آپ جیسا وزیراعلیٰ ہوتا۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک کو مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالا ہے اور عوام کی ترقی اورخوشحالی کے ایجنڈے کو کامیابی سے آگے بڑھایا ہے۔

دوبارہ موقع ملا تو ترقی کے سفر کو مزید تیزرفتاری سے آگے بڑھائینگے۔انہوںنے کہا کہ کسانوں کی خوشحالی اورزراعت کے فروغ کیلئے بھی انقلاب آفرین اقدامات اٹھائے ہیں اورزراعت پر مبنی صنعتوں کے فروغ کیلئے بھی موثر حکمت عملی اپنائی ہے ۔انہوںنے کہا کہ وکلاء برادری نے جمہوریت کی مضبوطی اورآزاد عدلیہ کے قیام میں لازوال کردارادا کیا ہے ۔

عوام کو انصاف کی فراہمی میں بھی وکلاء برادری مثالی کردار ادا کررہی ہے ۔ملاقات کرنیوالوں میں بار ایسوسی ایشن میر پور خاص،انجمن تاجران،کاٹن جنرز ایسوسی ایشن،مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ اوردیگر وفود شامل تھے ۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے میر پور خاص سندھڑی میں سابق وزیراعظم محمد خان جونیجوکی قبر پرحاضری دی، قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔