شہبازشریف نوازشریف کی پارٹی رکنیت ختم کردیں،محمد علی درانی

نوازشریف انتخابات بھارتی ٹینکوں اوربھارتی پیسوں سےلڑیں گے،نوازشریف نے بیان سے کشمیریوں کے دل چھلنی کردیے،نوازشریف کیخلاف کاروائی ہونی چاہیے۔میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 مئی 2018 20:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 13 مئی 2018ء): سابق وزیراطلاعات ونشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ
شہبازشریف نوازشریف کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرنےکا اعلان کریں،نوازشریف انتخابات بھارتی ٹینکوں اوربھارتی پیسوں سےلڑیں گے،نوازشریف نے بیان سے کشمیریوں کے دل چھلنی کردیے۔ انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ شہبازشریف نوازشریف کی پارٹی بنیادی رکنیت ختم کرنےکا اعلان کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، وزراء اورعہدیداروں کی نوازشریف سے ملاقاتوں پرپابندی لگائی جائے۔ اسی طرح قومی رازکی پاسداری کے قانون کے تحت نوازشریف کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ محمدعلی درانی نے مزید کہا کہ بھارتی افواج پیلٹ گنزسے کشمیریوں کے چہرے جسم چھلنی کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے بیان سے کشمیریوں کے دل چھلنی کردیے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف انتخابات بھارتی ٹینکوں اوربھارتی پیسوں سے لڑیں گے۔

تین بار کے وزیراعظم کا ملکی سالمیت پرحملہ افسوسناک، شرمناک اورالمناک ہے۔ واضح رہے نوازشریف کے بیان کے بعد بھارت کے متشدد رویے میں شدت آگئی ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے گزشتہ روز انگریزی قومی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے عسکریت پسندوں نےہندوستان میں جاکر ممبئی حملے کیے۔ جس میں ایک سوپچاس لوگ ہلاک ہوئے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ ابھی تک عدالتوں میں انکوائری چل ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے معاملات کو ٹھیک کرنے کیلئے ایک حکومت کا ہونا ضروری ہے۔ اس وقت تین متوازی حکومتیں کام کررہی ہیں۔ دوسری جانب نوازشریف کے بیان کا جائزہ لینے کیلئے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں نوازشریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ بیان کے بعد بھارتی پروپیگنڈے کا جواب بھی دیا جائے گا۔