اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس سال ماہ رمضان میں زکوۃ کے نصاب کا اعلان کر دیا گیا

39ہزار198 یا اس سے زیادہ رقم پر2.5 فی صد کی شرح سے زکوة کٹوتی ہوگی،اعلامیہ اسٹیٹ بینک پاکستان

پیر 14 مئی 2018 19:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 14 مئی 2018ء): اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس سال ماہ رمضان میں زکوۃ کے نصاب کا اعلان کر دیا گیا ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری 39ہزار198 روپے یا اس سے زیادہ رقم پر2.5 فی صد کی شرح سے زکوة کٹوتی ہوگی۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس سال ماہ رمضان میں زکوۃ کے نصاب کا اعلان کر دیا۔

اس سال ماہ رمضان میں زکوۃ کے نصاب کا اعلان وزارت مذہبی امور کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ رواں سال زکوة کٹوتی کے لیے 39ہزار198 روپےنصاب مقرر کیا گیا ہے ۔39ہزار198 یا اس سے زیادہ رقم پر2.5 فی صد کی شرح سے زکوة کٹوتی ہوگی جبکہ اس سے کم رقم موجود ہونے پر زکوۃ نہیں کاٹی جائے گی۔

(جاری ہے)

یکم رمضان کو تمام بینکس سیونگ اکاؤنٹ سےز کوة کاٹیں گے۔

کرنٹ اکاؤنٹ اور غیر ملکی کرنسی اکاونٹ سےزکوة نہیں کاٹی جائےگی۔سرکاری نوٹیفیکیشن کے مطابق رمضان المبارک کے پہلے دن کو کٹوتی کا دن قرار دیا گیا ہے جو کہ 17 یا 18 مئی کو پڑ سکتا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کے صدور اور چیف ایگزیکٹوز کو سرکلر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت مذہبی امور سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے عین مطابق زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال زکوٰۃ کے نصاب میں 793 روپے اضافہ کیا گیا ہے، پچھلے سال زکٰوۃ کا نصاب 38 ہزار 405 روپے تھا۔یاد رہے کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اگر کسی کے بینک اکاؤنٹ میں زکوٰۃ اور عشر کے قانون کے رو سے یکم رمضان المبارک تک 39 ہزار 198 روپے سے کم رقم موجود ہوگی تو اس پر زکوٰۃ کی کٹوتی نہیں کی جا سکتی ہے۔