ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے اور دہشت گردی کو ختم کرنے والے کو ملک کا غدار کہا جارہا ہے‘ میں نے دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر سامنا کیا ہے،

کلبھوشن بھارت کا سپاہی اور جاسوس ہے اور پاکستان میں جاسوسی کا مرتکب ہوا ہے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

پیر 14 مئی 2018 22:37

اسلام آباد۔ 14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 14 مئی 2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے اور دہشت گردی کو ختم کرنے والے کو ملک کا غدار کہا جارہا ہے‘ میں نے دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر سامنا کیا ہے۔ پیر کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمیشہ حق بات کہوں گا چاہے اس کے لئے مجھے کچھ بھی سہنا پڑے۔

اس موقع پر انہوں نے ڈان اخبار میں شائع ہونے والے اپنے انٹرویو کا مختصر حصہ بھی پڑھ کر سنایا اور کہا کہ میں نے ایسا کیا کہا ہے‘ کون سی غلط بات کی ہے، اس کی تصدیق پہلے رحمان ملک‘ پرویز مشرف اور محمود درانی نے بھی کی ہے۔

(جاری ہے)

جو لوگ یہاں سے گئے ہیں ان کا مقدمہ کیوں مکمل نہیں کیا گیا۔ بھارت کی طرف سے شواہد نہ دینے کے حوالے ایک سوال کہ جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھی کم شواہد نہیں ہیں‘ بہت سے شواہد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہمارا بیانیہ نہیں سنا جارہا حالانکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سکیورٹی اداروں اور عوام نے 50 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔ یہ سوال پوچھنے والے کو غدار قرار دیا جارہا ہے، ایسے شخص کو ملک کا غدار کہہ رہے ہیں جس نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور دہشت گردی کو ختم کیا، میں نے دہشت گردی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر سامنا کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کلبھوشن بھارت کا سپاہی اور جاسوس ہے اور کلبھوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی کا مرتکب ہوا ہے۔