نواز شریف کے متنازعہ بیان پر بھارت نے پاکستان کے خلاف بڑا قدم اٹھا لیا

بھارت نے نواز شریف کے بیان کی نقول امریکی کانگریس کوبھجوا دیں،بھارتی موقف کی تائید کرنے پر بھارت کی جانب سے نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا گیا

پیر 14 مئی 2018 21:24

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 14 مئی 2018ء):نواز شریف کے متنازعہ بیان پر بھارت نے پاکستان کے خلاف بڑا قدم اٹھا لیا۔ اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب سید اکبر الدین نے نواز شریف کے بیان کی نقول امریکی کانگریس کوبھجوا دیں۔بھارتی موقف کی تائید کرنے پر بھارت کی جانب سے نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ بیان سے جہاں پاکستان کی قومی سلامتی کوٹھیس پہنچائی ہے وہیں دوسری جانب پاکستان کے ازلی دشمن نے بھی اس موقع کو غینمت سمجھتے ہوئے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔تازہ ترین خبر کے مطابق اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب سید اکبر الدین نے مختلف ممالک کے سفارتکاروں کو نوازشریف کی طرف سے اپنے ہی ملک کیخلاف لگائے گئے الزامات کی کاپیاں فراہم کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی مندوب نے کہا نواز شریف نے بھارت کے موقف کی حمایت کی، اس جرات مندانہ موقف پر نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر واشنگٹن میں بھارتی سفیر نوٹیج سرنا نے بھی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سمیت کانگریس کے اراکین اور امریکی تھنک ٹینک اداروں کو نواز شریف کے اقرارنامہ کی نقول بھجوا دی ہیں۔ یاد رہے کہ2روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے انگریزی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں متنازعہ بیان دیا گیا تھا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عسکریت پسندوں نے بھارت جا کر ممبئی پر حملہ کیا۔ نواز شریف کا کہناتھا کہ مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں انہیں اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ یہ سرحد پار جا کر 150 لوگوں کو قتل کردیں۔ ان کا یہ عمل ناقابل قبول ہے۔ یہی وجہ ہے جس کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔